سوات(سوات نیوزڈا ٹ کام)کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیو وائرس کے خلاف قطعی اور فیصلہ کن کوشش کر کے اس کو ہمشہ کیلئے دفن کریں تاکہ اس موذی مرض سے وطن عزیز کو پاک کرکے عالمی سطح کے پولیو فری ممالک میں شامل کیا جا سکے ۔ وہ پیر کے روز اپنے دفتر میں مالاکنڈ ڈویژن کے ساتوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے علاوہ پولیٹکل ایجنٹ باجوڑ ایجنسی اور ڈی ایچ او باجوڑ کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں مالاکنڈ ڈویژن میں پولیو وائر س کے خاتمہ کے لئے جاری ویکسین پلانے کی مہمات کے نتائج اور ان میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔کمشنر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے کسی بھی حصہ میں گزشتہ تین سال سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں تقریباً اٹھارہ لاکھ پانچ سال سے کم عمر کے بچے ہیں جن کو ہر مہم میں تقریباً چھ ہزار ٹیمیں ویکسین پلاتی ہیں۔ انھوں نے بعض امور میں بہتری کی ضرورت کی نشاندہی کی ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان کمزریوں اور نقائص کا ازالہ کر یں۔انھوں نے ناکارہ مارکرز کو فوری طور پر بہتر مارکرز سے تبدیل کرنے کی ہدایت کی کیونکہ ان کی وجہ سے مہمات کے نتائج میں کمزوری سامنے آتی ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ missingبچے بالکل نہیں ہونے چاھئیں جبکہ انکاری والدین کو ہر صورت میں بچوں کو قطرے پلانے پر راضی کیا جائے۔تمام افسران نے پولیو کے خاتمہ کیلئے بھر پور کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
1,563 total views, no views today



