اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم اور ثقافت کے بارے میں پاکستان کی پہلی قومی پالیسی کا اعلان کل اسلام آباد میں کیا جائے گا۔وہ اتوار اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں سی پیک کلچرل کاروان فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔وزیر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پالیسی کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک سڑک ویژن کا قومی منصوبہ ہے جو خطے میں ترقی اور خوشحالی یقینی بنائے گا۔یہ فیسٹیول فن وثقافت کے تین روزہ میلے کا حصہ ہے جو گزشتہ روز شروع ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری فیسٹیول چین اور پاکستان کی ثقافت اور ورثہ ایک سکرین پر دکھانے کا باعث بنا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی احترام اور محبت پر مبنی ہے اور یہ ہماری تاریخ کا خوشگوار حصہ ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان اورچین کے درمیان ثقافتی معاہدے پردستخط ایک منفرد موقع ہے اوراس سے کئی شعبوں میں تجربات اورمہارت کاتبادلہ یقینی بنایاجاسکے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان شنگھائی فلم فیسٹیول میں شریک ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کا باعث ہے۔فیسٹیول میں شریک فنکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ فنکاروں نے پاکستان کے حقیقی تشخص اور اس کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرکے خود کو امن کے اصل سفیر کے طور پر منوایا ہے۔
2,068 total views, no views today



