اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کی طاقت کا غلط اندازہ نہ لگائے اور ہم بھارت کو اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، بھارتی قابض افواج نے سیکڑوں بے گناہ کشمیریوں کی پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کیا اور حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے والے نہتے شہریوں کی آزادی کے لئے اٹھائی جانے والی آواز کو عالمی برادری تک پہنچنے سے روکنے کے لئے مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، گزشتہ روز بھی مزید 5 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، عالمی برادری اس تمام صورتحال کا نوٹس لے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی بھی خلاف ورزیاں کررہا ہے، رواں برس بھارتی افواج کی جانب سے 370 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں جن میں 20 شہری شہید اور 71 زخمی ہو چکے ہیں، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف ورزیوں کی تعداد میں غیر روایتی اضافہ کسی مہم جوئی کا باعث بن سکتا ہے۔ بھارت پاکستان کی طاقت کا غلط اندازہ نہ لگائے، لائن آف کنٹرول ہو یا ورکنگ باؤنڈری ہم اپنی سرحدی حدود کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، پاکستان کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت کو اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے۔
1,526 total views, no views today



