سوات،مرضی کی شادی کرنے والے جوڑے نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا،ایس ایچ اوکے مظالم سے نجات نہ ملنے کی صورت میںآئی جی پی آفس کے سامنے خودسوزی کی دھمکی دے دی،تھانہ کروڑہ کاایس ایچ او مخالف فریق سے رشوت لے
کر پیچھے پڑگیا،عدالت کے اندراورپولیس اسٹیشن میں تشددکا نشانہ بنایا، بیان تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے،اس حوالے سے شانگلہ کے علاقہ اولندرسے تعلق رکھنے اورحال ہی میں کورٹ میرج کرنے والے میاں بیوی بیس سالہ واجدعلی اوراکیس سالہ رضیہ بی بی نے دیگررشتہ داروں کے ہمراہ سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اوربعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ دو ہفتے قبل ہم نے کورٹ میرج کی جس کے بعد کروڑہ پولیس اسٹیشن کا ایس ایچ اواعتبارخان مخالف فریق سے بھاری رشوت لے کر ہمارے پیچھے پڑگیا ،موصوف نے ہمیں تھانے بلایا جہاں پر اس نے ہمیں تشددکا نشانہ بنایااورغلیظ گالیاں بھی دیں جبکہ عدالت کے اندربھی ہم پر تشددکیا تاہم اس وقت میڈیا ٹیم نے آکر اس سے ہمیں بچایا،انہوں نے کہاکہ ہم دونوں نے مرضی کی شادی کی ہے جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے مگر مذکورہ ایس ایچ او اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرکے ہمیں ڈرادھمکارہاہے اورہمیں اورخصوصاََ لڑکی کو اپنابیان تبدیل کرنے پر مجبورکرنے کی کوشش کررہاہے ، اس موقع پر رضیہ بی بی نے کہاکہ اپنی برادری سے تعلق رکھنے والے عمرزادہ اوررحمت علی کو پیغام دیناچاہتی ہو کہ وہ میراپیچھاچھوڑدیں وہ کیوں مجھے بدنام اورتبا ہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ؟جب عمرزادہ کی بہن نے گھر سے بھاگ کرشادی کی تو اس وقت دولڑکیاں سورہ میں لے کر خاموشی اختیار کی جو غیرقانونی ہے ،اس وقت عمرزادہ نے ایف آئی آر کاٹی اورنہ ہی کوئی احتجاج کیا ،انہوں نے کہاکہ میں نے واجد علی کے ساتھ مرضی سے شادی کی ہے اس سلسلے میں مجھ پر کسی کا کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا مگراب اس ایچ او کروڑہ پولیس اسٹیشن اعتبارخان ہاتھ دھو کر ہمارے پیچھے پڑاہوا ہے جس نے مخالف فریق سے بھاری رشوت لی اورہمیں بیان تبدیل کرنے پر مجبورکررہا ہے یہاں تک کہ وہ ہمیں قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کررہا ہے اس پولیس افیسرسے ہمیں خطرہ لاحق ہے،انہوں نے کہاکہ مذکورہ ایس ایچ او نے ہمارے ریکارڈشدہ بیان کو غائب کردیااورہم پر بیان تبدیل کرنے کیلئے مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے ،انہوں نے مرکزی وصوبائی حکومت سمیت چیف جسٹس آف پاکستان اوردیگراعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمیں ایس ایچ اواعتبارخان کے مظالم سے نجات اورتحفظ فراہم کریں بصور ت دیگر آئی جی پی آفس کے سامنے خودسوزی پر مجبورہوجائیں گے۔
417 total views, no views today


