سوات ،ڈپٹی کمشنرسوات محموداسلم وزیرنے کہاہے کہ وادی کالام میں 7اگست سے شروع ہونے والا سوات ٹورسٹ گالاسیاحت کی ترقی اوریہاں کے عوام کی خوشحالی کاذریعہ بنے گاجس میں لاکھوں لوگوں کی شرکت متوقع ہے جس سے سوات کی رونقیں دوبالاہوں گی، نامساعد حالات کے باوجود بھی حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لئے اس گالا کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے
کیونکہ سوات جسے سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے میں سیاحت کی بحالی کی اشد ضرروت ہے جو سوات کی معیشت میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہاں کے رہنے والے لوگوں میں تقریباً دو لاکھ سے زائد لوگوں کا روزگار اسی صنعت سے وابستہ ہے ، ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روز سوات پریس کلب میں سوات ٹورسٹ گالا کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر پی آر اوملاکنڈڈیژن کرنل عقیل ملک بھی موجود تھے،انہوں نے کہاکہ سوات میں سیاحت کی بحالی سے بلاشبہ یہاں کی معیشت کو استحکام ملے گا جس کا برا ہ راست مثبت اثرات یہاں کے باسیوں کی زندگی پر پڑیں گے ،انہوں نے کہاکہ کالام جو حسن فطرت سے مالامال ہے ، شفاف پانی کے چشمے نیلگوں جھیلیں ، بہتے جھرنے ، دیدہ زیب آبشاریں اور فلک بوس سرسبز وشاداب پہاڑ جہاں سیاحوں کی انکھوں کو خیرہ کرتے ہیں وہیں اس ٹورسٹ گالا کور نگار نگ پروگرامز سے مزین کیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی کشش کے لئے اس ٹورسٹ گالا میں ایڈونچر سپورٹس ، تفریحی پروگرامز اور ثقافت کو بھر پور طریقے سے شامل کیا گیا ہے ، سوات ٹورسٹ گالا کی سرگرمیاں بیک وقت کالام اور مہوڈنڈ جھیل پر چار روز تک جاری ہیں گی ،انہوں نے کہاکہ سوات ٹورسٹ گالا کے چار میں سے تین دن انتہائی اہم شخصیات مہمان خصوصی جبکہ ملک بھر سے اہم شخصیات کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور سیاحوں کی بہت بڑی تعدادکی شرکت متوقع ہے ، سوات میں تشریف لانے والے تمام معزز سیاحوں کو اہم مہمان کا درجہ حاصل ہوگا ، انہوں نے کہا کہ سوات ٹورسٹ گالامیں ایڈونچر سپورٹس میں نیز ہ بازی ، سائیکل ریس ، پیرا جمپس ، پیرا گلائیدنگ ، موٹر سائیکل کے جمپس ، بائیک رائیڈنگ اورپیرا کی کے مقابلے ، تفریحی سرگرمیوں میں موٹر سائیکل پر کرتب ، تربیت یافتہ کتوں کے کرتب ، بینڈز کی پرفارمنس ، جمناسٹک اور کراٹے شوشامل ہوگا ، شام کی تفریحی سرگرمیوں میں موسیقی کے پروگرام جن میں نامور گلوکار شرکت کریں گے ، فائرورکس ، لیزرلائٹس اور مزاحیہ شوز شامل ہوں گے ، ایڈونچر اور جنگلی حیات کے دلدادہ سیاحوں کے لئے ٹینٹ ولیج کااہتمام کیا گیا ہے ، بچوں کیلئے خصوصی طورپر میجک شو اور کٹھ پتلیوں کے شوکا بھی اہتمام ہے جبکہ مہوڈھنڈ جھیل پر کشتی رانی کا بندوبست بھی موجود ہوگا ، انہوں نے کہاکہ سیاحوں کی سہولت کے لئے ثقافتی ذائقوں سے بھر پور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی کھانوں پر مشتمل فوڈ سٹریٹ قائم کی جائے گی ، چاردن لگاتار صبح 10 بجے سے رات گئے تک سیاحتی سرگرمیاں جاری رہیں گی ،انہوں نے کہاکہ سوات میں پائیدر امن کے بعد سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے ثمرات یقیناًدیر پا اور دوررس ہوں گے ،اس موقع پر عقیل ملک نے سیاحتی میلے کیلئے کئے گئے حفاظتی اقدامات کے حوالے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ چار روز ہ سوات ٹورسٹ گالا کیلئے سیکیورٹی انتظامات کیلئے پاک فوج اورپولیس نے بھرپوراندازمیں اقدامات اٹھارکھے ہیں جس کے پیش نظر سیاح ایک خوشگوار اورپرامن ماحول میں اس ساحتی میلے سے لطف اٹھا سکیں گے۔
395 total views, no views today


