سوات(سوات نیوز ڈاٹ کام ) روزمرہ اجرت کی بنیاد پر مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں میں کام کرنے والے تیس ملازمین کوٹی ایم اے نے فارغ کرکے ان کی جگہ خاکروبوں کو بٹھادیا ،اس اقدام کے خلاف فارغ ہونے والے ڈیلی ویجز ملازمین سراپا احتجاج بن گئے ،بحالی کیلئے آخری حدتک جانے کا اعلان ،اعلیٰ حکام سے بحالی کا مطالبہ بھی کردیا ،ا س حوالے سے سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسن خان ،اعجازعلی اور دیگر فارغ ہونے والے افراد نے کہاکہ وہ کئی سالوں سے بس اسٹینڈ میں کام کررہے تھے جس کی انہیں روزانہ کی بنیاد پر اجرت ملتی تھی جس سے وہ گھر وں کا خرچہ چلاتے تھے مگر اب ٹی ایم اے نے انہیں فارغ کرکے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں،انہوں نے کہاکہ یہ صرف تیس افرادکی بات نہیں بلکہ تیس خاندانوں کی روزی روٹی کا مسئلہ ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے بڑی ذمہ داری کیساتھ ڈیوٹیاں انجام دی ہیں جس کی وجہ سے بلدیہ کو کافی مالی فائدہ پہنچا بلکہ ایک طرح سے ہم نے قوم کو فائدہ دیاہے ،ہم انعام کے قابل تھے مگر ہمیں فارغ کردیاگیا،انہوں نے کہاکہ ہماری جگہ پر خاکروبوں کو بٹھادیا گیا ہے جس سے شہر میں صفائی ستھرائی کا کام متاثر ہوگا جبکہ بس سٹنڈکو بھی نقصان پہنچے گا ،انہوں نے کہاکہ ہم نے اس ظلم کیخلاف کمشنر،ڈپٹی کمشنراوردیگر ذمہ دارں کو درخواستیں دی ہیں تاکہ ہمیں بحال کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کریں گے،اس موقع پر اورنگزیب،یوسف ماما،فرمان علی،رحم شیر،امیرزیب اور دیگر بھی موجود تھے۔
1,526 total views, no views today



