پشاور: تحریک انصاف کے مشتاق غنی اسپیکر جب کہ محمود جان ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔پریذائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھا کی سربراہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی، پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی کامیاب قرار پائے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 108 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے مشتاق غنی نے 81 جب کہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کیے۔نومنتخب اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہوا جس پر سب کا شکر گزار ہوں، ایوان کے اندر اخوت محبت اور بھائی چارہ فروغ دوں گا، نئے پاکستان کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔
مشتاق غنی نے کہا کہ 100 دن کے ایجنڈے پر کام کریں گے اور ان سو دن میں عوام کو بہت تبدیلی محسوس ہوگی، اسمبلی کے اخراجات میں جتنا ہو سکے کٹ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بغیر تیاری کوئی بات نہیں کرتے، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس ہزار گھروں کی بات کوئی مشکل کام نہیں جب کہ عمران خان کی نظر خزانے کی بجائے عوام پر ہے
916 total views, no views today



