سوات(سوات نیوزڈا ٹ کام)پاکستان مسلم لیگ ن سوات کے جنرل سیکرٹری حبیب علی شاہ نے کہا ہے کہ سوات میں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی انتہا ہے کیونکہ ہم نے اپنی حکومت کے اختتام تک 220KV تھانہ گرڈاسٹیشن کا99 فیصد کام مکمل کرلیا تھا جبکہ اب ایک فیصد کام مکمل کرنے اور بجلی لائن دینے کے کام میں موجودہ حکومت بے جا تاخیری حربے استعمال کررہی ہے جس پر ہم انہیں اگلے 10 دن کی ڈیڈلائن دے رہے ہیں اگرپھر بھی لوڈشیڈنگ کا یہ سلسلہ ختم کرنے کیلئے تھانہ گرڈ اسٹیشن کو فعال نہ کیا گیا تو پھر ہم احتجاج کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما جن میں تاجران صدر عبدالرحیم، قوی خان ، آفرین خان اور عبدالغفور بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ انجینئر امیر مقام نے اس سلسلے میں تمام تر کام ختم کرنے کے لئے دن رات ایک کرکے کام کیا تھا ، تھانہ گرڈ اسٹیشن سے کل 192 ٹاورز میں سے 184 ٹاورز ہم نے نصب کئے تھے جبکہ صرف آٹھ ٹاور ز کی تنصیب کاکام باقی تھا جسے اب موجودہ حکومت کے ذمے دار صر ف اس وجہ سے مکمل کرنے میں تاخیری حربے استعمال کررہی ہے کہ اس کا کریڈیٹ مسلم لیگ ن کو جاتا ہے لیکن ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ علاقے کی لوگوں کی مفاد میں کریڈیٹ لینے کی بجائے اس گرڈ اسٹیشن کا باقی کام مکمل کرکے اسے فوری طورپر فعال کیا جائے تاکہ لوگوں کو بجلی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کی مسائل سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اگلے 10 دن میں یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا تو پھر ہم احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گے جس کی تمام تر ذمے داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی، اس کے علاوہ انہوں نے تحصیل مٹہ میں امن امان کی بگڑتی صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ علاقے میں موجود پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں اقدامات اُٹھا کر عوام میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ یقینی بنائے تاکہ سوات میں بڑی قربانیوں کے بعد قائم ہونے والے امن کو برقرار رکھا جاسکے۔
1,320 total views, no views today



