کالام(سوات نیوز ڈاٹ کام) فارسٹ اہلکاروں نے ٹمبر سمگل کرنے والی کار پکڑلی۔ کار پر پی ٹی آئی کا سٹیکر چسپاں ہے، ملزم کے بقول وہ خود پی ٹی آئی والے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ فارسٹ کے اہلکاروں کو خفیہ اطلاع ملی کہ کار نمبر YD-226 Islamabadمیں ٹمبر سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اطلاع ملنے پر انہوں نے پولیس چیک پوسٹ ون کالام پر ناکہ لگایا۔ناکے کے دوران کار ملزمان سمیت پکڑلی، جس میں قیمتی دیار کے سلیپر تین حصوں میں تقسیم کرکے کار کی ڈگی میں چھپاکر پردہ ڈالا گیا تھا۔ محکمہ فارسٹ کے اہلکاروں نے گاڑی تحویل میں لی اور ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ اس حوالے سے اپنا موقف ظاہر کرتے ہوئے ایک ملزم محمد اشفاق سکنہ پشاور کینٹ نے بتایا کہ وہ خود پی ٹی آئی والے ہیں اور لکڑ کو مقامی ہوٹل پامیر میں مرمتی کام کے لئے لے جارہے تھے، جو کہ راستے میں پکڑلی گئی، جبکہ فارسٹ اہلکاروں کے بقول لکڑ کو ہوٹل سے چار سو میٹر کے فاصلے پر دور چیک پوسٹ پر پکڑلی گئی ہے، جوکہ گاڑی کے خفیہ خانے میں چھپا کر منگورہ منتقل کی جارہی تھی، جس کی تصدیق چیک پوسٹ پر مامور اہلکاروں نے بھی کردی ہے۔ اسی دوران ایک اور کار بھی مشین میں کٹائی شدہ لکڑیوں کے ٹکڑوں سمیت پکڑلی گئی اور رینج آفس کالام منتقل کردی گئی۔ سرحد فارسٹری اتحاد کے ایک اہلکار گل نواب نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر کالام ٹمبر کی سمگلنگ ہوتی ہے، مگر مقامی لوگوں کے ملوث ہونے کی وجہ سے بہ آسانی چیک پوسٹوں سے نکل جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر بلین ٹری سونامی کا دعوی کرنے کے باوجود خود ٹمبر سمگل کی جاتی ہے تو یہ ایک تشویشناک صورت حال ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے فوری طور پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کالام میں قیمتی جنگلات کی بے دریغ کٹائی پر مزید خاموشی اختیار کی گئی تو عوام سراپا احتجاج ہوں گے۔
1,548 total views, no views today



