سوات(سوات نیوزڈاٹ کام)ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو خیبرپختونخوا میں کامیابی کے بعد بلین ٹری کا ملک گیر شجرکاری پروگرام شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے جس کے تحت پورے ملک میں آئندہ پانچ سال کے دوران دس ارب پودے لگائے جائیں گے اور انکی تناور درخت بننے تک دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے گی انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کی انفرادیت یہ ہے کہ اسے چند روزہ حکومتی مہم کی طرح محض علامتی طور پر منانے کی بجائے عوامی اور سیاسی رنگ بھی دیا جارہا ہے اور اسے زندگی کے تمام شعبوں میں مقبولیت دی جارہی ہے تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کا سدباب کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو خوشگوار بنانے کے علاوہ آکسیجن کی فیکٹریاں ہیں جن کی حفاظت بالکل اس طرح ہونی چاہئے جیسے لوگ اپنے بچوں کی دن رات توجہ سے پرورش طرح کرتے ہیں وہ سوات کی ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام دریا کنارے پرفضا مقام فضاگٹ پارک میں “پلانٹ فار پاکستان ڈے” کے قومی دن کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے اس موقع پر فضل حکیم خان کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد فواد خان، کنزرویٹر فارسٹ ملاکنڈ محمد یوسف ، تحصیل ناظم بابوزئی اکرام خان، ریجنل ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی، ڈسٹرکٹ کونسلر شوکت علی، تحصیل کونسلر شاہد علی خان، ترجمان پی کے پانچ احمد شاہ، ویلج نائب ناظم اجمل خان، زاہد خان عرف باز خان اور دیگر عمائدین علاقہ نے بھی دیار اور اخروٹ کے پودے لگائے جبکہ بعد ازاں مہمان خصوصی نے فضا گٹ پارک اور دریائے سوات کے کنارے سرکاری اہلکاروں اور رضاکاروں کے لگائے تین ہزار پودوں کا معائنہ بھی کیا اور مقامی انتظامیہ کو انکی کل وقتی دیکھ بھال کی ہدایت کی فضل حکیم خان نے کہا کہ شجرکاری کی بدولت قدرتی چشموں کے علاوہ میدانی علاقوں کے واٹر ٹیبل میں بھی اضافہ ہوتا ہے اسلئے ہمیں شہری و دیہی ہر سطح پر شجرکاری کو فروغ دینا ہو گا انہوں نے اتوار کی چھٹی کے باوجود ضلع بھر تعلیمی اداروں، تھانوں اور پارکوں میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کو سراہتے ہوئے محکمہ جنگلات، مقامی انتظامیہ اور رضاکاروں کی کوششوں کو سراہا۔
1,420 total views, 2 views today