راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنے والے ملزمان کے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ اس گروہ کا نام ‘شوریٰ گروپ’ ہے اور اس کے دس ارکان ہیں جن کا تعلق مالاکنڈ سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ گروہ تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسلک ہے اور اسے ملالہ پر حملے کے احکامات ملا فضل اللہ کی جانب سے دیئے گئے جو کہ افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں سب سے پہلا گرفتار ہونے والا ملزم اسرار الرحمان تھا جس کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ ان ملزمان کی گرفتاری میں سول انتظامیہ اور پولیس کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور آخری دہشت گردی کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب سے قبل مکمل سیکیورٹی پلان بنایا گیا تھا اور ملک میں ہر جگہ فوج الرٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل رائے ونڈ میں بھی آپریشن کرکے ایک گروہ کا خاتمہ کیا گیا جب کہ زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے کے ملزم بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل پاکستان نیوی ڈاک یار پر حملہ بھی ناکام بنایا گیا ہے۔
389 total views, no views today


