اسلام آباد: بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو 3 سال قید کی سزا بھگتنے کے بعد واپس بھارت بھیجا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کو سزا مکمل ہونے پر جیل سے رہا کردیا گیا ہے اور واہگہ بارڈر کے راستے واپس ہندوستان بھیجا جا رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حامد نہال انصاری غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوا تھا، جعلی سفری دستاویزات رکھنے والا بھارتی جاسوس ریاست کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
رواں ماہ کی 13 تاریخ کو پشاورہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو سزا پوری کرنے کے بعد بھارتی جاسوس کی گھر واپسی کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے جاسوس کی ہندوستان روانگی کے لیے وزارت داخلہ کو ایک ماہ کا وقت دیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کو سزا مکمل ہوتے ہی واپس بھیج دیا جائے، سفری دستاویز کی تیاری اور دیگر ضروری کارروائی پہلے ہی مکمل کرلی جائے تاکہ سزا پوری ہونے کے بعد مزید کچھ اور دن رکھنا نہ پڑے اور پاکستان کے امیج کو ٹھیس نہ پہنچے۔
حامد نہال انصاری کو 2012 میں کوہاٹ کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور 15 دسمبر 2015 کو ریاست کے خلاف منفی سرگرمیوں اور بغیر دستاویزات کے پاکستان میں داخل ہونے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
حامد نہال انصاری نومبر 2012 میں بھارت سے کابل گیا اور پھرغیرقانونی طورپرپاکستان میں داخل ہوا تھا۔ حامد انصاری کے اہل خانہ نے رحم کی اپیل کی درخواست بھی کی تھی۔ بھارتی جاسوس کو واہگہ بارڈر سے بھارت بھیجا جارہا ہے۔
بھارتی شہری نے جاسوسی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ پاکستان میں اپنی فیس بک گرل فرینڈ کی مدد کرنے کوہاٹ آیا تھا جو کسی مشکل میں پھنسی ہوئی تھیں۔
1,218 total views, 2 views today