اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے سرحد پر کشیدگی اور مسلسل بھارتی جارحیت کے خلاف قومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت اور بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پرقومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے،
اجلاس میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت پر غور ہوگا جبکہ اس دوران آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور اس میں پاک فوج کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اب تک 10 پاکستانی شہری شہید اور 42 زخمی ہوچکے ہیں اور سرحدی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دیا گیا ہے۔
421 total views, no views today


