پشاور (این این ائی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان نے قرض نہ لینے کے اپنے دعوے پر بھی یوٹرن لے لیاہے، انہیں غیرت صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں آتی تھی، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کشکول بردار ہوائی بیڑہ عمران خان پوری دنیا میں پھراکر ملک کی بدنامی کررہا ہے، پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ قرض لینے والی حکومت بن چکی ہے۔ نالائق حکومت جتنی بُری معیشت چلارہی ہے لگتا ہے کہ تیسرامنی بجٹ بھی آئے گا۔ پیر کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت قوم کے لئے عذاب بن چکی ہے۔ عوام تباہی سے نجات کے لئے اب تبدیلی چاہتے ہیں۔ عمران نیازی نے قوم کی ذکوة، صدقات اور چندوں سے جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ظلم کی ریاست بنادی، جس میں بچوں کے سامنے ان کے والدین کو گولیاں ماری جاتی ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان کی معیشت اور سی پیک کے خلاف سازش کا حصہ بنی۔ وقت حقیقت ثابت کرے گاکہ عمران خان کٹھ پتلی بن کر ملک کی ترقی کے خلاف استعمال ہوا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتا تھا کہ والدہ کا علاج کرانے کے پیسے نہیں تھے، علیمہ باجی کہتی ہے کہ والدین سے اربوں روپے کی جائیداد ملی۔ امیر مقام نے کہاکہ پشاور میں ایک کھرب روپے کے کھڈے ڈالنے کا حساب کب دو گے؟ قوم پوچھتی ہے کہ عمران خان کا کوئی روزگار نہیں، تو اربوں کی جائیدادیں کہاں سے آرہی ہیں؟ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر نے کہاکہ پانچ ماہ میں پی ٹی آئی حکومت نے ملک کی تاریخ کا ریکارڈ قرض لیا اور یہ پہلی حکومت ہے جو اپنے بجٹ ٹارگٹ بھی پورے نہیں کرسکی۔175ارب روپے ریونیوٹیکس میں کمی کا سامنا ہے، حکومت کوریکارڈ بجٹ خسارے کا سامنا ہے۔ عمران خان نے تاریخی جھوٹ بولے، اب تاریخی ناکامی سے دوچار ہیں۔ حکمرانوں نے بے شرمی کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا بھر میں بھکاری بنادیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر قرضوں کی شرح دوگنا کردی، قرض لے کر بھی نااہل حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ کیا کریں۔ پانچ ماہ سے تجربات جاری ہیں، جس کا خمیازہ عوام اور پاکستان بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان کو پانچ سال میں معاشی قوت بنایا۔ دنیا پاکستان کو بیس ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمار کررہی تھی۔ وہی ملک ہے جس کے بارے میں اب مسلسل منفی خبریں آرہی ہیں۔ پانچ ماہ میں بھی نوازشریف اور شہبازشریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہ لگ سکا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے عوام سے جتنے جھوٹ بولے تھے، ان کے حساب کا وقت قریب ہے۔
٭٭٭٭
1,502 total views, no views today



