مینگورہ، وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملالہ نے امن کا نوبل پرائز جیت کر پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ،ملالہ نے ثابت کر دیا ہے کہ پہاڑوں اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے بھی اگر محنت اور لگن سے کام کریں تو ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں ،سوات میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ملالہ نے کم عمری میں تعلیم
کے فروع کیلئے جو خدمات سر انجام دی ہیں ان کے اعتراف میں آج انہیں امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا جو پوری پاکستانی قوم کیلئے باعث عزت ہے ، انہیں اس اعزاز ملنے پر پوری قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ ملالہ کا تعلق شانگلہ سے ہے اور پہاڑوں میں رہنے والی اس کم عمرقوم کی بیٹی نے ثابت کر دیا ہے کہ محنت اور لگن سے کام کیا جائے تو پوری دنیا اس کو سراہے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے بچوں اور بچیوں کو ملالہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں قیام امن اور تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرنا چاہئے ،انہوں نے اس کامیابی پر ملالہ کے والد ضیاالدین کو بھی مبارکباد پیش کی ، اور کہا کہ ملالہ کی یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے کہ آج یہ اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا ۔
421 total views, no views today


