سوات،دختر سوات ملالہ یوسفزئی کو خڑاج تحسین پیش کرنے کے لئے سوات قومی جرگہ کے زیر اہتمام مینگورہ میں ریلی نکالی گئی ،بہادر بیٹی کو نوبیل انعام پانے پر تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملائکہ نامی بچی نے کیک کاٹا اور ملالہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ،سوات قومی جرگہ کے زیر اہتمام ملالہ یوسفزئی کو نوبیل انعام جیتنے پر خوشی منانے کی تقریب خپل کورہال میں منعقد ہوئی
جس میں مختلف سیاسی جماعتوں ،سول سوسائٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کے علاوہ طلباء نے بھی شرکت کی ،دس سالہ بچی ملائکہ نے کیک کاٹا تو فضا تالیوں سے گونج اٹھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گلوبل پیس کونسل کے صدر احمد شاہ،اے این پی کے رہنماؤں خواجہ محمد خان اور عبداللہ یوسفزئی،پختونخواملی عوامی پارٹی کے ملک ریاض خان اور ڈاکٹر خالد محمود،باچا خان فاؤنڈیشن کے صدر خادم حسین ایڈوکیٹ،سوات قومی جرگہ کے حاجی زاہد خان ،پیپلزپارٹی کے سجاد باغی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے نوبیل انعام پانے پر سوات کی سترہ سالہ بیٹی ملالہ یوسفزئی کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملالہ یوسفزئی نے سخت اور کشیدہ حالات میں طالبان کے خالاف اور تعلیم کے حق میں آواز اٹھا کر تاریخ رقم کی اور آج اس ہونہار بیٹی کو نوبیل انعام کا ملنا نہ صرف سوات کی وادی بلکہ پورے پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسفزئی کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کرلیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پوری دنیا نے ملالہ یوسفزئی کی خدمات کا اعتراف کرلیا ہے انہوں نے کہاکہ امن کی خاطر ملالہ کی طرح اور بچے بھی جدوجہد کرنے کے لئے تیار ہیں اور ہم ملالہ یوسفزئی کی اس سوچ پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ سوات میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن ،خپل کور فاؤنڈیشن کو معاونت دینے سمیت شانگلہ میں اعلیٰ معیار کا گرلز اسکول اور کالج قائم کررہی ہیں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک بھی سوات میں ملالہ یوسفزئی کے نام سے اعلیٰ معیار کا گرلز کالج قائم کریں ،بعدا زاں شرکاء نے خپل کور سے سوات پریس کلب تک ریلی نکالی اورملالہ یوسفزئی سمیت امن کے لئے نعرے لگاتے رہے ۔
342 total views, no views today


