سوات، سوات میں شریف آباد کے مکینوں نے روڈ کی عدم تعمیر اور نکاس آب کے ناقص انتظام کے خلاف سڑکوں پرنکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہروں میں گو عمران گو کے نعرے لگنا شروع ہوگئے، مینگورہ کوکارئی روڈ ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ،ایم پی اے فضل حکیم نے اسلام آباد سے فون پر رابطہ کرکے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی ،ایس ایچ او مینگورہ نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کے بعد روڈ ٹریفک کے لئے بحال کردیا،
سوات کے علاقے شریف آباد کے مکینوں نے نمازجمعہ کے بعد مینگورہ کوکارئی روڈ پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ کو ٹریفک کے لئے بندکرکے گو عمران گو اور پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما فاروق خان اوردیگر عمائدین علاقہ سابق کونسلر عبدالوہاب ،ثمین خان ،داؤد خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجود ہ حکومت عوامی مسائل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، انہوں نے کہاکہ مینگورہ کوکارئی اور جامبیل روڈ کی عدم تعمیر سے ہزاروں آبادی کو سخت مشکلات کاسامنا ہے اور روڈ بند ہونے سے ہروقت گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں ،انہوں نے کہاکہ علاقے میں نکاس آب کے ناقص انتظام اورعدم صفائی کی وجہ سے بھی علاقہ مکینوں کا جینامحال ہوگیا ہے ،اس دوران رکن صوبائی اسمبلی فضل حکیم نے اسلام آباد سے فون کرکے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی جبکہ ایس ایچ او مینگورہ محمد اقبال نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کرکے پانچ روز کا وقت لیا جس پر مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول کر احتجاج ختم کردیا ۔
365 total views, no views today


