بریکوٹ، ضلع سوات میں پی کے 82کا حلقہ تحصیل بریکوٹ پاکستا ن تحریک انصاف کا گڑھ ہونے کے باوجودضلعی صدر اور وزیر برائے ہاوسنگ و تعمیرات ڈاکٹر امجد علی کی عدم توجہی کا شکار ہو گیا ہے۔ جبکہ تحصیل اور گاؤں کی سطح پر ترقیاتی کاموں میں پی ٹی آئی کے تنظیموں کے منتخب عہدیداروں کو نظرانداز کرکے پارٹی منشور اور نصب العین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔
پارٹی میں اس وقت تنظیمی سطح پر سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔پارٹی مسلسل انتشار کا شکار ہے جس سے مخلص عہدیداروں کارکنوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے اس ساری صورت حال کا تدارک کرنے اور اصلاح احوال کے لئے صوبائی اور مرکزی قیادت پوری طور پر نوٹس لیکر موزوں اقدامات اٹھائیں ورنہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ساکھ اور ووٹ بنک پر انتہائی برے اثرات مرتب ہو نے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف یو سی بریکوٹ صدر نعیم خان ،یو سی کوٹہ صدر محمد شاہ خان اور وارڈ بریکوٹ صدر خادم خان نے پی ٹی ائی کے مرکزی دفتر بریکوٹ میں میڈیا سے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی کے 82سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہو نے والے ضلعی صدر ڈاکٹر امجد علی نے پہلے توہم خیال گروپ کے سرکردہ رکن کے حیثیت سے صوبائی قیادت کو وزارت دینے پر مجبور کیا جو کہ میرٹ کے منافی حرکت تھی ۔اس سارے عرصے میں موصوف کی عدم توجہی کے باعث ضلع کی سطح پر تنظیمی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہی جس سے پارٹی غیر فعال اورانتشار کا شکار ہوگئی ہے ۔ترقیاتی کام تحصیل ،یوسی اور وارڈ کی سطح پر تنظیم کے عہدیداروں کے بجائے منظور نظر افراد کی تحویل میں دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں ذاتی پسند نا پسند کے ساتھ ساتھ ناقص میٹریل کا استعمال ہو رہا ہے جس سے پارٹی کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔مخلص کارکن بھی مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں اس لئے ہم صوبائی قیادت اور مرکزی قیادت سے اس صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں کہ پارٹی آئین کی رو سے ڈاکٹر امجد علی وزارت ملنے کے بعد ضلعی صدارت کا عہد ہ فوری طور پر چھوڑ دیں نیز بلدیاتی الیکشن کے لئے فوری طور پر موزوں امیدوار نامزد کئے جائیں اور ضلعی سطح پرتنظیموں کے مشاورت سے فعال قیادت فرا ہم کرکے پی ٹی ائی کی گرتی ہوئی ساکھ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔
317 total views, no views today


