لاہور(ان لائن ) نیب کے افسران نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو گرفتاری سے روک دیا جس پر نیب ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں نیب کی تفتیشی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ گزشتہ روز کی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے ماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا تاہم نیب کے اہلکار گھر کے اندر داخل نہیں ہوئے اور باہر ہی انتظار کرتے رہے، تاہم گھر میں داخل ہونے کے لیے سیڑھی بھی منگوالی گئی ہے۔نیب کے چھاپے کی خبر سنتے ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی اور ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں، ادھر نیب نے گرفتاری میں مدد کے لیے رینجرز کو بھی طلب کیا۔ اسی اثنا میں مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرکے درخواست ضمانت دائر کی۔ یہ درخواست ضمانت 8 اپریل پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر ہوئی تاہم ن لیگ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ بار کے صدر حفیظ الرحمان چوپدری عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے درخواست کی اِن چیمبر سماعت کرنے کے بعد نیب کو حمزہ شہباز کی درخواستِ ضمانت کی 8 اپریل کو باقاعدہ سماعت تک گرفتاری سے روک دیا۔
1,150 total views, no views today



