ملتان (ان لائن )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت16 سے 20اپریل کے درمیان پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور بہت ہی خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے۔ شاہ محمو قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ مودی سرکار نے سیاسی مقاصد کے لیے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر ایک اور جارحیت کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کے لیے خود مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا ایک اور حملہ بھی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو خطے پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے اسکا اندازہ خود لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے پاس قابلِ بھروسہ معلومات ہیں بھارت دوبارہ ایسا کر سکتا ہے، انہوں نے بتایا ہمارے پاس مصدقہ انٹیلی جنس ہے کہ بھارت ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
2,109 total views, no views today



