سوات(سوات نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈویژن بھر کی تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر ضلعی صدر مقام اور چھوٹے بڑے شہروں میں مسافروں اور غرباء کیلئے مساجد یا دوسرے مناسب عوامی مقامات پر افطاری و سحری کے پروگرام ترتیب دیں جبکہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور انکے ماتحت دیگر انتظامی افسران بھی ان میں لازمی اور باقاعدگی سے شرکت کریں اس طرح وہ روزہ داروں کی ضروریات کا خود مشاہدہ اور بندوبست کرنے کے علاؤہ عوامی مسائل سے بھی آگاہی حاصل کر سکیں گے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنروں کو جاری کردہ حکم نامے میں کمشنر ملاکنڈ نے واضح کیا کہ مسافروں اور نادار و بے آسرا طبقوں کی چھوٹی موٹی ضروریات پوری کرنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان اور وزیرِ اعلٰی محمود خان نے بھی خصوصی طور پر ہدایات جاری کی ہیں اسلئے پورے قومی و دینی جذبے سے ان پر عملدرآمد ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے اور رمضان المبارک میں غرباء کیلئے افطار و سحری پروگراموں کے انتظامات اور انتظامیہ کی ان میں خود شرکت اس عظیم کام کو آگے بڑھانے کا بہترین موقع ہے ریاض خان محسود نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ افطار و سحری پروگراموں کے بندوبست کیلئے اپنے دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے علاؤہ حکومت کے منظور کردہ این جی اوز اور فلاحی اداروں کی معاونت بھی حاصل کر سکتے ہیں جو اس مقصد کیلئے ہمیشہ مصروف عمل رہتے ہیں اور انکی حکومتی سرپرستی کی بدولت زیادہ بہتر نتائج نکل سکتے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامی افسران اس طرح کی فلاحی سرگرمیوں کو زیادہ جدت اور جوش و جذبہ سے سرانجام دیں گے تاکہ معاشرے کے نادار و مفلوک الحال طبقوں کو بھی اس ماہ مبارک کی فضیلتوں سے فیضیاب کیا جا سکے اور انکی زیادہ سے زیادہ دعائیں بھی لی جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1,583 total views, no views today



