بریکوٹ(سوات نیوز) ضلع سوات میں ریسکیو 1122کو تحصیل بریکوٹ کے لئے ضلعی انتظامیہ نے زمین حوالہ کردی۔سی این ڈبلیو کی طرف سے بہت جلدریسکیو 1122کے اسٹیشن پر کام شروع کردے گا اور انشاء اللہ بہت جلد ریسکیو 1122تحصیل بریکوٹ کے عوام کے لئے اپنے خدمات شروع کردے گی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122محمد عمران خان یوسفزئی نے بریکوٹ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ انم ناصر، ایمرجنسی آفیسر ہارون رشید کے علاوہ میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے محمد عمران خان یوسفزئی نے کہاکہ صوبائی حکومت اور ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کے خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بریکوٹ میں ریسکیو 1122 کے لئے زمین خریدی۔ انہوں نے کہاکہ ڈائر یکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کی خصوصی دلچسپی تھی کہ تحصیل بریکوٹ جو کہ ضلع سوات کا مین گیٹ ہے کے لئے ریسکیو 1122بہت اہمیت کا حامل ہے۔یہاں پر ایمرجنسی کے نمٹنے کے لئے کو ئی ریسکیو کے انتظامات نہیں تھے۔ حادثات کی صورت میں ریسکیو 1122سیدو شریف سے کور کیا جاتاتھا جوکہ بعض اوقات ہمارے لئے مشکلات پیدا کردیتے تھے۔ریسکیو 1122کے اسٹیشن سے تحصیل بریکوٹ کے عوام مکمل طور پر مستفید ہوں گے اور انشاء اللہ یہاں کے عوام کے ساتھ ہر حال میں ریسکیو 1122شانہ بشانہ ہوں گے۔۔ مزید براں انہوں نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ زمین کی فراہمی میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور امید رکھتا ہوں کہ ائندہ بھی ہمارے ساتھ اسی طرح تعاون رکھیں گے۔
1,163 total views, 2 views today