پشاور(این این ائی ) قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلی بار قبائلی اضلاع کو نمائندگی دینے کے لیے انتخابات آج ہورہے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ الیکشن میں پانچ بڑی جماعتوں میں کانٹے کا مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی ، اے این پی ، جماعت اسلامی ، جے یو آئی ف اور پی پی پی شامل ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں میں سے ضلع باجوڑ میں 3، خیبر میں 3، مہمند، کرم، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو دو نشستوں جبکہ ضلع اورکزئی اور ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ انتخابات میں 285 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 2 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں جب کہ 28 لاکھ ایک ہزار 837 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مرد ووٹرز کی تعداد 16 لاکھ 71 ہزار 308 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔
1,102 total views, 2 views today