واشنگٹن(این این ائی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم پاکستان کو ہرسال تبدیل ہوتا اور اوپر جاتا دیکھے گی کیوں کہ طاقت ور کا احتساب شروع ہوچکا ہے جیل سے باہر نکلنے کے خواہش مند لوٹا ہوا پیسہ واپس دیں اور جائیں۔ یہ بات انہوں ںے واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپیٹل ایرینا ون میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کے خطاب سے قبل تلاوت قرآن پاک پیش کی گئی، امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے جب کہ عمران خان کی جدوجہد پر مبنی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنے بڑے اسٹیڈیم میں پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت ہوگی، پاکستان جو ہمیں دیا یہ کسی کو اندازہ نہیں کہ یہ کتنی بڑی نعمت ہے، یہ ایک خاص نعمت ہے، قوم انشا اللہ ہر سال اسے تبدیل ہوتا اور اوپر جاتا دیکھے گی۔ عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ ہے بادشاہت میں نہیں، اس لیے بادشاہت پیچھے رہ گئی اور جمہوریت میرٹ پر آئی لیڈرشپ کی وجہ سے آگے نکل گئی، امریکا میں میرٹ پر لیڈرشپ اچھی آتی رہی اس لیے وہ آگے نکل گیا جب کہ ہندوستان کی مثال لیں وہاں مغل بادشاہ آئے، اورنگزیب کے بعد جو اس کے بچے ان میں صلاحیت نہیں تھی اس لیے وہ سلطنت ترقی نہ کرسکی، اسی طرح سلطنت عثمانیہ بھی زوال کا شکار ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں قائد اعظم کے بعد ایک لیڈر ذوالفقار علی بھٹو آئے اس کے بعد کوئی نہیں، ملٹری ڈکٹیٹر نے نواز شریف کو وزیرا عظم اور شہباز شریف کو وزیر اعلیٰ بنایا، آصف زرداری اور بلاول لیڈر اس طرح لیڈر بن گئے کہ کہا کہ کاغذ پر ہماری والدہ لکھ کر گئی ہیں، اسی طرح ولی خان فیملی میں ہوا اور مولانا فضل الرحمن بھی ایسے ہی آئے۔ عمران خان نے کہا کہ میرٹ کے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھتا، چین کی کمیونسٹ پارٹی میں بہترین جمہوریت رائج ہے، حضرت عمرؓ جیسے مدینہ کے لیڈر گزرے جنہیں عام آدمی پوچھتا ہے کہ چادر کہاں سے آئی؟ اور انہوں نے جواب دیا لیکن یہاں دیکھیں کرپشن پر بات ہوتی ہے تو کہتے ہیں کیوں نکالا؟ دراصل یہ نیا پاکستان بن رہا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا، ایشیا میں پاکستان کی مثال دی جاتی تھی، ہماری بیورو کریسی ٹاپ کی بیورو کریسی تھی، اسپتالوں کا معیار تھا جب کہ تعلیمی معیار بلند تھا لیکن آہستہ آہستہ ہم نے پاکستان کو زوال پذیر ہوتے دیکھا اصل تباہی 1985ء میں غیرجماعتی الیکشن میں ہوئی جب پہلی بار سیاست میں پیسہ چلنا شروع ہوا، سیاست دانوں کو خریدا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں سب حکومت کے خلاف اکھٹے ہوگئے ہیں، فضل الرحمن اسلام کو لے آتے ہیں اور پہلی بار پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، سیکولر بلاول بھی ساتھ مل گیا ہے، ن لیگ بھی ان کے ساتھ ہے، یہ سب اکھٹے ہوگئے ہیں اور ان کا ایک ہی مقصد ہے این آر او، مجھے بیرون ملک سے سفارشیں کرائی گئیں، ایک بادشاہ نے بھی سفارش کی، اگر ہم نے طاقت ور کا احتساب کردیا اور بے نامی جائیدادیں ضبط کرلیں اور بیرون ملک گیا پیسہ واپس لے آئے تو یہی ہے وہ وقت جب پاکستان بدلے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں لوگوں کو اوپر آںے کا موقع ملتا ہے وہاں پاکستانیوں کو اوپر آتے دیکھا ہے کیوں کہ پاکستانی باصلاحیت ہیں لیکن میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں پاکستان میں مواقع نہیں ملتے، ہمیں میرٹ کا سسٹم بحال کرنا ہے، ہم پہلی بار سرکاری اسکولوں میں ایک نصاب لانے کی کوشش کررہے ہیں، مدرسوں کی تنظیموں سے معاہدہ کرکے مدرسے کے بچوں کو عصری علوم دینے کا کام جاری ہے تاکہ وہاں سے بھی ڈاکٹر و انجینئر بنیں کیوں کہ 25 لاکھ بچے مدرسے میں جاتے ہیں۔ سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ خاندانوں کی سیاست اور جاگیر دارانہ نظام ختم ہوگا تب ہی میرٹ آئے گی تحریک انصاف پہلی پارٹی ہے جس میں میرا کوئی رشتہ دار کسی عہدے پر نہیں نہ میرا کوئی دوست ملے گا، ہم آپ کو میرٹ پر نئے لیڈر دکھائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں معدنیات کے اربوں ڈالر کے ذخیرے موجود ہیں، یہاں تو سو سال تک بجلی کی کمی ہونی ہی نہیں چاہیے، اربوں ٹن کوئلہ تھر میں موجود ہے لیکن بدقسمتی ہے کہ ریکوڈک کا جرمانہ ہوا، نہیں پتا سپریم کورٹ نے یہ کنٹریکٹ کیوں ختم کیا؟ وہاں صرف ایک جگہ 200 ارب ڈالر کا تانبہ پڑا ہے، اس معاملے کے پیچھے بھی کرپشن تھی پیسے مانگے جارہے تھے، بڑی کمپنیاں پاکستان میں اسی لیے نہیں آتیں، جن کمنپیوں سے ملا ہر کمپنی یہی کہتی ہے کہ ہم سے رشوت مانگی جاتی ہے لیکن اب کمپنیاں پاکستان ضرور آئیں گی۔
1,016 total views, no views today



