سوات(سوات نیوز)وادی مالم جبہ کے بعد سوات کے پوش علاقہ کانجو ٹاؤن شپ میں بھی غنڈہ ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ٹاؤن شپ میں واقع پاسپورٹ آفس آنے والے لوگ سرکاری روڈ کنارے یا پاسپورٹ آفس کے آگے گاڑی پارک کرتے ہیں۔ تو ایک مخصوص مافیا برائے نام رسید ہاتھ میں لئے پارکنگ فیس کے نام پر عوام سے پیسے بٹور لیتے ہیں جبکہ پیسے نہ دینے والوں کے ساتھ تلخ کلامی اور مارپیٹ پر اتر آتے ہیں۔متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مافیا نے پارکنگ کا ٹھیکہ لیا بھی ہے تو اگر کوئی ان کے پارکنگ میں گاڑی لگائے تب یہ فیس وصول کریں لیکن اگر کوئی گاڑی ان کی پارکنگ میں پارک ہی نہ ہو تو یہ کس بات کے پیسے لیتے ہیں؟عوام نے ڈی پی او سوات، ڈپٹی کمشنر سوات اور سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے ورنہ عوام عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہونگے۔
1,397 total views, no views today



