عزت ما آب جناب محمود خان وزیراعلی خیبر پختونخوا
آداب و احترم
جناب وزیراعلی صاحب یہ ہم پر اللہ کا خاص کرم ہے کہ اپنے پسماندہ ترین سوات سے آپ صاحبان کو ہمارے لئے وزیراعلی منتخب کردیاگیا اور اب ہم اپنے تمام دکھ درد آپ سے ٹوٹے پھوٹے اور سادہ الفاظ میں شریک کرنے سے کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔
جناب عالی
خیبرپختونخوا کی گذشتہ حکومت میں صوبے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے لئے چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کردیا گیا اور الحمداللہ سوات کے پہاڑی پسماندہ علاقوں میں بہت سارے پن بجلی گھر کامیابی کے ساتھ مکمل کردئے گئے۔
جناب! وادی کالام سوات کے ماتھے کا جھومر ہے اور یہاں پر پیڈو کے زیرانتظام دو پن بجلی گھروں “بھان( ایک میگاواٹ)” اور “گودر (چارسو کلوواٹ)” کوصوبائی حکومت نے ایک نیم سرکاری تنظیم ایس آر ایس پی کو تفویض کئے ۔ تاکہ سیلاب میں تباہ شدہ ان بجلی گھروں کو دوبارہ تعمیرکے سوات کوہستان کے سیاحتی مقامات پر گھریلوں صارفین کی مشکلات بھی ختم کیا جاسکے اور سوات کی سیاحت میں انقلابی تبدیلی لایاجاسکے۔
لیکن ہم اہلیان سوات کوہستان کی شومئی قسمت کہ ایس آر ایس پی کے محکمہ نے ان دونوں پن بجلی گھروں کو ایسے نااہل اور ناتجربہ کار لوگوں کے ہاتھوں میں دے دیا ہے کہ سیاحت کا فروغ تو کجا حسین وادی کالام میں مقامی لوگوں کے بنائے گئے چھوٹے پن بجلی گھروں کا پانی بھی ایس آر ایس پی کی ان ناکارہ مشینریوں اور سٹاف کے ہاتھوں ضائع ہوگیا اور پورا سوات کوہستان بجلی کی نعمت سے محروم ہوگیا۔
جناب وزیر اعلی صاحب!
آج چوتھا دن ہے، ایس آری ایس پی والوں کی نااہلی کی وجہ سے اہلیان سوات کوہستان اور سیاحوں کی عید اور یوم آذادی دونوں پھیکی پڑچکی ہے۔ سوات کوہستان کے بالائی علاقوں میں تعمیرشدہ پن بجلی گھروں میں ایسے نا اہل اور نکمے لوگوں کو بھرتی کرلیا گیا ہے عید سے ایک ماہ قبل سب سے بڑی مشینری بھان ہائیڈرل پاؤر سٹیشن کے نالہ میں ریتلا پانی داخل ہوتا رہا ، مگر عملہ نے بار بار شکایت کے باوجود کسی کی ایک نہ سنی اور نتیجہ یہ نکلا کہ اب پوری مشینری میں ریت گھس گئی اور مشینری ناکارہ ہوگئی۔
عید کے پہلے دن سے بجلی ناکارہ ہے۔ ذیادہ تر لوگوں نے پرانے اور بغیر استری کے کپڑوں میں عید منائی۔ پوری وادی گذشتہ چار دنوں سے تاریکی میں ڈوب چکی ہے۔ ایس آرایس پی کے بڑے افسران سے لے کر کلاس فور تک سب نے اپنے موبائیل آف کردئے ہیں تاکہ مقامی لوگ شکایت کرکے ان کی نازک طبعیت کو ناساز نہ کردے۔
دوسری طرف چارسو سے ذائید ہوٹلوں کا شہر وادی کالام میں کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ سیاح واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ یوم آذادی پر جابجا تقریبات جاری ہے، لیکن بجلی کی بندش کے باعث میڈیا کی کوریج بھی ممکن نہیں۔ اس وقت مال روڈ پر سبزہلالی پرچموں کی بہار ہے اور پوری وادی کشمیر سے اظہار یکجہتی کے نعروں سے گونج رہی ہے، لیکن پورا میڈیا بند ہونے کی وجہ سے اس منظر کو دنیا کے سامنے کیسے پیش کرنا ممکن نہیں رہا۔
یوم آذادی کے حوالے سے مٹلتان، اتروڑ، گبرال، دشت لیلی پر عظیم الشان تقریبات جاری ہے۔ لیکن “جنگل میں مور ناچاکس نے دیکھا” کے مصداق یہ سب کچھ گھپ اندھیرے میں ہورہا ہے۔
ہم نے پہلے بھی سو دفعہ اعلی حکام سے شکایت کی کہ روزے، عید اور دیگر اہم تہواروں میں بھی اگر ایس آر ایس پی ہمیں بجلی سے محروم رکھتی ہے تو پہلے اس ادارے کا احتساب ہوجائے۔ لیکن کسی نے ایک نہیں سنی۔
لہذا اس ان ٹوٹے پھوٹے الفاظوں میں ہم اہلیان سوات کوہستان آپ سے ہمدردانہ اپیل کرتے ہیں کہ سوات کوہستان میں تعینات ایس آر ایس پی کے ان تمام نااہل سٹاف کو معطل کرکے تجربہ کار سٹاف کو بھرتی کیا جائے۔ جناب عالی یہ تو عمران خان کا ذاتی منشور ہے کہ “جو کام نہیں کرسکتا گھر جائیں” اس لئے ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کراپیل کرتے ہیں کہ اس نااہل سٹاف کو فوری طور پر گھر بھیج دیا جائےورنہ مقامی نوجوانوں نے احتجاجی مظاہروں کے لئے رابطہ مہم جاری کررکھی ہے۔
اس سے پہلے کہ پورا سوات کوہستان سڑکوں پر نکل آئیں ہمارے درد کو محسوس کرتے ہوئے سرکاری خزانے پر بوجھ اس محکمکے کا قبلہ درست کیا جائے۔
والسلام
یہ خط آگے شئیر کریں تاکہ وزیراعلی صاحب تک پہنچ سکے۔
شکریہ
تحریر ایچ ایم کالامی
1,950 total views, 2 views today