پشاور(سوات نیوز)جمہوری روایات کے فروغ میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے. وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ جناب محمود خان .وزیراعلیٰ کا پشاور پریس کلب کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے جبکہ خیبر یونین آف جرنلسٹس کیلئے 50 لاکھ روپے خصوصی گرانٹ کا اعلان.وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب.وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے صحافی برادری کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ۔تحریک انصاف جب سے حکومت میں آئی اسے سابق فاٹا کا صوبے میں انضمام ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اورامن عامہ کی بحالی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا تھا۔ صوبائی حکومت ان تمام مسائل کو حل کرنے میں سرخرو ہوئی ہے جس میں صحافی برادری کا کردار لائق تحسین ہے ۔ صوبائی حکومت نے صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلئے گراں قدر اقدامات کئے ہیں، پشاور میں میڈیا کالونی کے قیام کی منظوری پہلے سے دی جا چکی ہے اور جرنلسٹس ویلفیئر انڈو منٹ فنڈ (ترمیمی بل 2019 ) کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی گئی ہے جس کے تحت صحافیوں کو دی جانے والی سہولیات میں اضافہ کیا گیاہے ۔ اُنہوںنے اس موقع پر پشاور پریس کلب کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی امداد ، صحافیوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراءاور خیبر یونین آف جرنلسٹس کیلئے 50 لاکھ روپے امداد کا بھی اعلان کیا۔ اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ صحافی برادری حسب سابق صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات کو اُجاگر کرے گی ۔ ہم سب مل کر اس صوبے کو اُٹھائیں گے اور عوام کو مایوس نہیں ہونے دیں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، سیکرٹری اطلاعات امتیاز ایوب ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات امداد اﷲ، سینئر صحافی حضرات ، پشاور پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ اور کابینہ کے دیگر اراکین نے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ نومنتخب صدور اور اُن کی کابینہ صحافیو ں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحافی برادری نامساعد حالات میں جس انداز سے عوام کے مسائل کو اُجاگر کرتی اور حکومت وقت کو ان مسائل سے باخبر رکھتی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ تحریک انصاف صحافی برادری کی گراں قدر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ حکومت دستیاب وسائل کے مطابق جس حد تک ممکن ہوا صحافی برادری کی مدد کیلئے حاضر ہو گی ۔محمود خان نے صوبائی حکومت کی طرف سے صحافی برادری کیلئے اُٹھائے گئے اہم اقداما ت کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈومنٹ فنڈترمیمی بل 2019 کی صوبائی کابینہ منظوری دے چکی ہے ۔ نئی ترامیم کے مطابق صحافیوں کیلئے تجہیز و تکفین کے اخراجات میں اضافہ کیا گیا ہے اور ویلفیئر فنڈ میں الیکٹرانک میڈیا سے منسلک صحافیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ بے روزگار صحافیوں کو دو مہینوں تک گزارہ الاﺅنس کی فراہمی ، 60 سال سے زائد عمر کے صحافیوں کو ماہانہ وظیفہ کی فراہمی، صحافیوں کے بچوں اور بچیوں کو ایک بار شادی کیلئے مالی معاونت ، میڈیکل ٹریٹمنٹ کی مد میں صحافیوں کی مالی معاونت بھی ترمیمی بل میں شامل ہیں۔ اُنہوںنے انکشاف کیا کہ پشاور پریس کلب کے 325 صحافیوں کو پرویژنل الاٹمنٹ لیٹرز دیئے گئے ہیں۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران صوبائی حکومت نے جرنلسٹس ویلفیئر انڈومنٹ فنڈ کے تحت صوبے بھر کی صحافی برادری میں اب تک تقریباً14.7 ملین روپے علاج معالجے کے ضمن میں دیئے ہیں۔ اُنہوںنے مزید انکشاف کیا کہ صوبائی حکومت نے صحافی برادری کے مابین اختلافات کے حل کیلئے صوبائی سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں پشاور پریس کلب کے صدر ، خیبریونین آف جرنلسٹس کے صدر ، متعلقہ علاقائی انفارمیشن آفیسرز اور ڈپٹی کمشنر شامل ہیں۔ اُنہوں نے انکشاف کیا کہ آئندہ چند دنوں میں صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی بھی میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے رکھیں گے ۔ وزیراعظم عمران خان اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے ۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور صحافی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
798 total views, 2 views today