مظفر آباد(این این ائی ) آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹر شاکس جاری ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی اور 452 زخمی ہیں۔ آزاد کشمیر میں زلزلے کے مزید جھٹکے محسوس ہوئے ہیں۔ خوف کے باعث مردوں نے سڑکوں کے کنارے گرین بیلٹ پر ساری رات جاگ کر گزاری جبکہ خواتین اور بچوں نے مقامی پارکوں میں پناہ لی۔ ضلعی انتظامیہ میرپورکے مطابق آزاد کشمیرمیں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی اور452 زخمی ہوئے۔ جاتلاں کا روڈ انفراسٹرکچرمکمل طورپرتباہ جب کہ منگلا جانے والی مرکزی شاہراہ اورمتعدد پل زمین بوس ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو مصائب کا سامنا ہے۔ لوگوں کے گھر اور کاروبار تباہ ہوگئے جبکہ اب تک بجلی بحال نہ کی جاسکی۔
کھمبے اور ٹرانسفارمرزمین پر گرے ہوئے ہیں جب کہ پینے کی پانی کی بھی شدید قلت ہوگئی۔ زیرزمین پانی بھی گدلا اورناقابل استعمال ہوگیا ہے، بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کچھ علاقوں میں لگائے گئے واٹر پلانٹس بھی نہیں چل سکے، کھانے پینے سے محروم لوگوں نے آفٹر شاکس کے خوف سے رات جاگ کر گزاری۔ گھروں کی بیرونی دیواریں گرنے سے پل منڈا، سانگ، سنوال شریف سمیت ملحقہ علاقوں میں چوری کی وارداتیں بھی ہوئیں۔
1,357 total views, no views today



