پشاور(سوات نیوز)سپورٹس بورڈ خیبر پختونخوا نے کھیلوں کی سرگرمیوں اور تعلیمی اداروں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی کھیل کود کی سہولتیں فراہم کرنے کی پالیسی کے تحت تاریخی درسگاہ اسلامیہ کالج پشاور اور اسلامیہ کالجیٹ سکول میں ہاکی کے فروغ کے لیے آسٹروٹرف اور سکواش کے کھیل کی تربیت اور با صلاحیت طلباء کو آگے لانے کے لئے اسکواش کورٹس قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر سپورٹس خیبرپختونخوا پشاور اسفندیار خٹک نے گذشتہ روز اسلامیہ کالج اور کالجیٹ سکول کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ اسلامیہ کالج کے کھیلوں کے کوچ علی ہوتی اور محمد نواز کے علاوہ پرنسپل اسلامیہ کالجیٹ سکول مس زہرہ توقیر،وائس پرنسپل عبدالرشید اور اسلامیہ کالجیٹ سکول سپورٹس کے انچارج نیاز علی بھی تھے۔اس موقع پر رجسٹرار اسلامیہ کالج نے ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں اسلامیہ کالجیٹ سکول میں ایک غیر رسمی میٹنگ ہوئی۔ جس میں اسلامیہ کالج اور کالجیٹ سکول میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ پرنسپل اسلامیہ کالجیٹ نے اسفندیار خٹک کو اپنے ادارے کی کھیلوں میں کارکردگی اور اعلی درجے کی ٹرافیاں جیتنے کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس بورڈخیبرپختونخوا پشاور نے یقین دلایا کے اسلامیہ کالج اور کالجیٹ سکول جیسے عظیم تاریخی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں ہر ممکنہ مدد حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دورے کا مقصد اسلامیہ کالج میں حقیقی کھلاڑیوں کی آسٹروٹرف پر ہاکی کی تربیت کے لیے آسٹرو ٹرف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں نمبر ایک دیکھنا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت ایک کثیر رقم خرچ کرکے سپورٹس بورڈ خیبر پختونخواہ کے ذریعے کالجیٹ سکول میں ایک سکواش کورٹ قائم کرنا چاہتی ہے اور اس پروگرام پر جلد از جلد عملدرآمد کرنے کی شدید خواہش رکھتی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے پرنسپل کالجیٹ سکول اور دیگر سپورٹس افسران کے ساتھ سکواش کورٹ کی جگہ کا تعین کرنے کے لئے ایک دورہ بھی کیا۔
1,540 total views, 6 views today