کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 73 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا اور زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جو اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 73 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور 30 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے بتایا کہ تیز گام ٹرین کی ایئر کنڈیشنڈ اور بزنس کلاس کی تین بوگیوں میں آتشزدگی ہوئی جن میں 209 مسافر سوار تھے۔ متعدد لاشیں ناقابل شناخت ہوگئی ہیں۔
1,030 total views, no views today



