اسلام اباد(ان لائن)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے اور اداروں کو اس ناجائز حکومت کی پشت پناہی ختم کرنے کیلئے صرف 2 دن کی مہلت ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9 کے میٹرو گراؤنڈ میں مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی کا آزادی مارچ اور احتجاجی جلسہ ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جلسے میں شرکت کی۔ 2 روز کی مہلت مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں سے تصادم نہیں بلکہ ان کا استحکام چاہتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم اداروں کو غیر جانبدار بھی دیکھنا چاہتے ہیں، اگر ہم محسوس کریں کہ ناجائز حکومت کی پشت پر ادارے ہیں اور اس کا تحفظ کررہے ہیں، تو پھر 2 دن کی مہلت ہے، پھر ہمیں نہ روکا جائے کہ اداروں کے بارے میں کیا رائے قائم کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے پاس مستعفی ہونے کےلیے 2 دن کی مہلت ہے، وگرنہ عوام کا سمندر طاقت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کے گھر جاکر انہیں گرفتار کرلے۔ حکومت کو مزید مہلت نہیں دے سکتے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا عوامی اجتماع ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا یکجہتی کا فیصلہ دراصل قومی مطالبہ ہے، سب کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن فراڈ تھے اور دھاندلی کا شکار تھے، حکومت کو بہت مہلت دے دی، مزید مہلت دینے کے روادار نہیں، ہم مزیدصبروتحمل کا مظاہرہ نہیں کر سکتے، اب ایک ہی فیصلہ کرنا ہے اس حکومت کو جانا ہے، قوم ان سے آزادی چاہتی ہے۔
812 total views, no views today



