راولنڈی(ان لائن ) پاکستان کی سرزمین پر دس سال بعد پہلا ٹیسٹ غیرفیصلہ کن ختم ہوگیا۔ پاکستان میں ایک عشرے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ غیرفیصلہ کن ختم ہوگیا۔ میچ کے ابتدائی چار روز موسم کھیل پر حاوی رہا۔ آخری دن سری لنکا نے نامکمل اننگ چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو بیاسی رنز سے شروع کی اور مزید چھبیس رنز کے اضافے پر دھننجاڈی سلوا کی سنچری مکمل ہونے پر ڈیکلیئرڈ کردی۔ دھننجا ایک سو دو اور دلروان پریرا سولہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے شاہین شاہ اور نسیم شاہ نے دو، دو جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی اننگ کا آغاز مایوس کن ہوا۔ شان مسعود کوئی رن بنائے بغیر چندی مل کورا جیتھا کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیبیو اوپنر عابد علی نے کپتان اظہر علی کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں ستاسی رنز کا اضافہ کیا۔ اظہر علی چھتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عابد علی اور بابراعظم نے تیسرے وکٹ کی ناقابل شکست پارٹنرشپ میں ایک سوباسٹھ رنز بنائے۔ عابد علی ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو پر بھی سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے۔ بابراعظم نے بھی کیریئرکی تیسری سنچری مکمل کرلی۔ میچ ختم ہونے تک عابد علی نے ایک سو نو اور بابر اعظم نے ایک سو دو رنز بنائے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ جمعرات انیس دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلاجائے گا۔
926 total views, 2 views today