سوات، ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر نے کہا ہے کہ پولیو وائر س سے نمٹنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات اور والدین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ،یوپیک کمیٹیوں کے ممبران ،پولیو ٹیموں کے اہلکاروں ،سیکیورٹی حکام اور مانیٹرنگ کرنے والے زمہ دار محکموں کے ایگزیکٹیو ز اور ڈپٹی افیسرز سمیت نجی اداروں کو اس سلسلے میں سنجیدگی سے کردار اداکرنا ہوگا۔یو سی سیکرٹریز،سکول اسناد ،پٹواری،محکمہ زراعت کے حکام کی بھی اس سلسلے میں ذمہ داریا ں ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ودودیہ ہال سیدوشریف میں سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ای پی آئی کوارڈی نیٹر ڈاکٹر رحمت الٰہی ،ڈاکٹر افتحار ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ہمایون ،ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر سید علی خان اور اے سی بابوزئی نے بھی خطاب کیا ڈی سی سوات محمود اسلم وزیر نے کہا کہ سب کو پتہ ہونا چاہئے کہ ملک اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو ایمرجنسی ڈیکلئیر ہوچکی ہے اور اب اس سلسلے میں متعلقہ ذمہ داروں سے باز پرس ہوگی،جہاں پر محکموں کے ایک سکیل سے لے کر ڈی سی تک کے تما م اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ضروری ہے ۔ اگر اس سلسلے میں کوئی خدشات وتحفظات ہیں اس کا بھی بروقت ازالہ ہونا چاہئے تاکہ کوئی بچہ بھی پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہ سکے ،اگر کسی علاقے سے محرومی کی اطلاع ملی تو وہاں پر ایگزیکٹیوز سمیت متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف سختی سے کارروائی کی جاسکتی ہے۔
347 total views, no views today


