پشاور میں آج تین روزہ جیم اینڈ جیولری نمائش کا افتتاح پشاور عجائب گھر میں ہوگیا۔ اس نمائش کا اہتمام یہاں کی ایک مقامی غیرسرکاری ادارے Empower The Nation Organization ایمپائر دی نیشن آرگنائیزیشن نے TCKP کے تعاون سے کیا ہے۔ اس نمائش میں ملک بھر سے اس شعبے سے منسلک افراد اور اداروں نے شرکت کی۔
سوات سے قیمتی پتھروں کا کاروبار کرنے والے کئی افراد نے شرکت کی، جنہوں نے سوات میں مقامی طور پر پائے جانے والے قیمتی پتھر نمائش میں پیش کئے۔ ان افراد میں سوات کے رفیع اللہ، سمیع اللہ، محمد شفیق و حاجی وھاب نے شرکت کی۔ نمائش کی افتتاحی تقریب میں صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر معدنیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ نمائش میں شرکت کرنے والے گلگت بلتستان کے جیمز ڈیلرز نے گلگت بلتستان میں 2011 سے نافذ قانون section 7/Aکے خلاف احتجاج بھی کیا جس کے مطابق گلگت بلتستان سے کسی بھی قسم کے معدنیات کو کہیں بھی لے جانے پر پابندی ہے۔
اس نمائش کا اہتمام کرنے والے ادارے کی سربراہ محترمہ صائمہ عمر نے بتایا کہ ان کا مقصد صوبے کی اس قیمتی انڈسٹری کو فروغ دینا ہے اور خاص کر نوجوانوں کو اس طرف راغب کرنا ہے۔ اُنہوں نے اس نمائش میں خواتین کو شرکت کرنے کا خاص موقعہ دیا ہے اور کئی خواتین نے اپنے انفرادی سٹالز بھی لگائے ہوئے ہیں۔ یہاں پر نہ صرف سارے پاکستان بلکہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی اور اپنے ملک کی معدنیات اور قیمتی پتھروں سے بنے ظروف نمائش کیلئے پیش کئے۔
اس نمائش کا مقصد پاکستان کی اس قیمتی انڈسٹری کو فروغ دینا ہے اورپاکستان کی معدنیات کو دنیا میں متعارف کروانا ہے، جس سے یہاں کے مقامی ہنرمندوں اور اس شعبے سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو نئی مارکیٹس تک رسائی حاصل ہوگی۔ نمائش دیکھنے کیلئے آنے والے لوگوں نے ہاتھ سے بنی جیولری، خوبصورتی سے تراشے قیمتی پتھروں اور دیگر اشیائ میں کافی دلچسپی لی۔ یہ نمایش اتوار کے دن تک جاری رہے گی۔ رپورٹ : نعیم اللہ خان سوات نیوز ڈاٹ کام
362 total views, no views today


