کراچی(این این ائی ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور حکومت کو گرانے میں ہمارا ساتھ دے۔ کراچی میں میگا منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے، ایم کیو ایم اس حکومت کو گرادے ہم آپ کا ساتھ دیں گے، کراچی اور اس کے عوام کی خاطر جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں، لیکن صرف شرط یہ ہے کہ عمران خان کو گھر بھیجیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبوں کے مطالبات پورے نہیں کیے جارہے جب کہ وفاق کی گیس پالیسی کی مذمت کرتے ہیں، گیس کے مسئلے پر سندھ کا حق مارا جارہاہے لہذا ہمیں وفاق سے اپنا حصہ چھیننا پڑے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر قائد کی ترقی ہماری خواہش ہے، شہر قائد میں پورے پاکستان کے لوگ بستے ہیں، ہمارا کام نظر بھی آتا ہے اور ہم دکھا بھی سکتے ہیں، ملک کے عوام مسائل میں گھرے ہیں جب کہ معاشی حالات خطرناک ہیں اور غریب عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔
850 total views, no views today



