مینگورہ(سوات نیوز)سیاحت کی ماہر خاتون لیلیٰ ناز نے کہاہے کہ سوات قدرتی حسن اور دلفریب نظاروں سے مالامال وادی ہے جہاں آنے کے بعد واپس جانے کو جی نہیں کرتا،حسن کے لحاظ سے سوات اپنی مثال آپ ہے،یہاں کے سیاحتی مقامات ملم جبہ،کالام،بحرین،مدین،مہوڈنڈ،میاندم،مرغزار اور دیگر علاقے باربار دیکھنے کے قابل ہیں لہٰذہ سیاحوں کو چاہئے کہ وہ سوات آکر یہاں پر موجود قدرتی حسن سے لطف اٹھائیں،مینگورہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ ناز نے کہاکہ وہ اس سے قبل بھی سوات آتی رہی ہیں، ہربار سوات کی خوبصورتی میں اضافہ دیکھنے کو ملا،برف پوش پہاڑ،چشمے،خوشی کے نغمے گاتا دریا،شومچاتیں آبشاریں اورگھنے جنگلات سوات کے حسن میں اضافہ کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ جس طرح سوات خوبصورت ہے اسی طرح یہاں کے لوگ بھی کافی مہمان نواز ہیں جو ہروقت مہمانوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کی رہنمائی کیلئے تیار رہتے ہیں،انہوں نے کہاکہ ملم جبہ اورکالام میں مختلف فیسٹول اور ایونٹس سوات کی سیاحت کے فروغ کیلئے معاؤن ثابت ہورہے ہیں لہٰذہ اسی طرح کے سیاحتی میلوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جا نا چاہئے اس سے نہ صرف سیاحت بلکہ سوات کی معیشت کو بھی ترقی ملے گی جس کے نتیجے میں یہاں کے لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقعے بھی میسر آئیں گے،انہوں نے کہاکہ یہاں پر بدحال سڑکیں سیاحت کی راہ میں بڑی رکاؤٹ تھیں جسے حکومت نے دور کردی اور سوات بھر کی تمام تر سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کی گئی جس کی وجہ سے سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو بھی سفری مشکلات سے چھٹکارا ملا اور اب گھنٹوں کا راستہ منٹوں میں طے کیا جاسکتا ہے،اس کے علاوہ سیاحوں کیلئے سوات میں تمام تر سہولیات موجود ہیں جس سے وہ مستفید ہورہے ہیں،انہوں نے کہاکہ موسم سرما میں بھی جوق درجوق سیاح سوات آرہے ہیں جو سوات میں گزارے گئے لمحات کو یادگار بنانے کیلئے مسلسل فوٹو گرافی کرتے نظر آرہے ہیں،انہوں نے کہاکہ وہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ دنیا بھر کے سیاح سوات آئے اور یہاں کی خوبصورتی سے طلف اٹھائیں۔
1,120 total views, no views today



