اسلام آباد(این این ائی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ امن و خوشحالی سے محروم رہا، حالات نے نئی کشیدگی کو جنم دیا ہے،31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، امریکا اس واقعے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، امریکا کی نظر میں جنرل قاسم سلیمانی اس کا ماسٹرمائنڈ ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماہرین اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکت سے زیادہ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہیں، ایران نے ہنگامی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جب کہ عراق میں بھی اس واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آیا، عراق میں قاسم سلیمانی کے جنازے سے ردعمل کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جب کہ عراقی پارلیمنٹ نے تمام غیرملکی فوجیوں کے لیے ملک چھوڑنے کی قرارداد پاس کی۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 3 تاریخ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ایرانی وزیرخارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور متحدہ عرب امارات سمیت ترکی اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ سے بھی تفصیل سے گفتگو کی جب کہ یورپی ممالک اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کریں گے۔
860 total views, 2 views today