لاہور: کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی فوج طلب کرلی ہے۔ ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ کے بعد پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں نے بھی وفاق سے فوج طلب کرنے کے لیے درخواست کردی ہے۔بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فوج کی مدد طلب کرلی ہے، بلوچستان حکومت نے آرٹیکل 245کے تحت پاک فوج کو سول اختیارات دینے کے لیے خط لکھ دیا ہے، بلوچستان حکومت کے مطابق پاک فوج کو آرٹیکل 245کے اختیارات دیے جائیں گے اور صوبے بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج کو سول اختیارات حاصل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی آرٹیکل 245 کے تحت صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ؛ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم بڑے اور سخت فیصلے کرنے جارہے ہیں تاکہ عوام کو کورونا وائرس سے بچاسکیں، عوام کی صحت اور زندگی عزیز ہے، ہم لاک ڈاؤن کی طرف جارہے ہیں جس کا آج ہی اعلان کریں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں کا بجلی کا بل 5000 روپے تک ہے اُن سے مہینے کا بل نہ لیں، یہ 5000 روپے کا بل اگلے 10 مہینوں میں تھوڑا تھوڑا کرکے لیں، یہ ہدایت ایس ایس جی سی کے لیے بھی ہے، جن کا گیس بل 2000 روپے تک کا ہے اُن کا بل اس مہینے نہ لیا جائے جب کہ اگلے 2 مہینوں میں کوئی بجلی یا گیس کنیکشن کاٹے نہیں جائیں گے۔
1,228 total views, no views today



