سوات (سوات نیوز )ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ سوات میں کسی بھی پرائیویٹ لیبارٹری کے پاس کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ کی سہولت یا ضروری کٹس موجود نہیں اور ہر قسم کی پرائیویٹ لیبارٹریوں پر کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ کروانے پر پابندی عائد کردی ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی لیبارٹری کو کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کے عمل میں پایا گیا تو ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی ہوگی انہوں نے بازاروں کے انسپیکشن کے موقع پر احمد لیبارٹری مٹہ کو کورونا وائرس سے متعلق غیر قانونی ٹیسٹ کروانے کی شکایت پر سیل کردیا اور لیبارٹری کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی اقدامات کے احکامات جاری کئے
ڈپٹی کمشنر نے سوات کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی پرائیویٹ لیبارٹری کو کورونا سے متعلق ٹیسٹ کروانے اور اس نام پر عوام کو لوٹنے میں ملوث پایا تو ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں قائم کنٹرول سیل کو فون نمبر 9240350 پر فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف جلد از جلد کاروائی عمل میں لائی جاسکے ڈپٹی کمشنر نے مصیبت کی اس گھڑی میں سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے تمام کاروباری حضرات کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے اور ان سے رقوم بٹورنے والے قومی مجرموں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔
768 total views, 2 views today