سوات (سوات نیوز) سابق ناظم اعلیٰ سوات نے ٹائیگر فورس کے بجائے سابق بلدیاتی نمائندوں کی خدمات حاصل کرنے کا مطالبہ کردیا، محمدعلی شاہ خان نے کورونا وائرس کے روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات ناقص قراردیدئیے، سابق بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے حکومتی امداد گھرگھرپہنچایاجاسکتاہے، سرکاری ونجی وتعلیمی اداروں کے اساتذہ کو بھی رضاکار فورس میں شامل کیاجائے، وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع میں سرکاری لیبارٹری کابندوبست کیا جائے، ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سوات بھرمیں جراثیم کش سپرے کیاجائے، ان خیالات کااظہار سابق ناظم سوات اورمسلم لیگی رہنماء محمدعلی شاہ خان، سابق ضلعی کونسلر محمد ابرار خان، پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے جنرل سیکرٹری غفران خان، بخت شیر علی اور سوشل میڈیا چیئرمین سید محمد علی نے سوات پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ یہ کہناپڑتاہے کہ حکومت نے کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لیااور جنوری میں اس کے آثار رونما ہوئے تھے، لیکن حکومت نے اس کے روک تھام کیلئے کچھ نہیں کیااوران کی غیرسنجیدگی کی وجہ سے آج ہمیں یہ حالات دیکھناپڑرہاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی غفلت کاخمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑرہاہے اورتفتان سے آنے والے زائرین کو بغیر سکریننگ اورٹسٹ آنے کی اجازت دینے سے بھی تباہی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ جب یہاں زلزلہ آیاتو اس وقت سابق وزیراعظم نوازشریف نے سوات کادورہ کیا، اور صوبائی حکومت کو مرکزی حکومت کی طرف سے امداد دے کر ان کے ذریعے تقسیم کرایا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی طرف سے اب تک کورونا وائرس کے روک تھام کیلئے اٹھائے جانیوالی اقدامات کوناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت ضائع کئے بغیر ٹائیگرز فورس بنانے کے بجائے سابق بلدیاتی نمائندوں کی خدمات حاصل کرکے ان کے ذریعے لوگوں تک ریلیف فراہم کریں اور اس سلسلے میں سرکاری ونجی تعلیمی ادارون کے اساتذہ کوبھی رضاکار فورس میں شامل کیاجائے تاکہ ہردہلیز پر لوگوں کو ریلیف مل سکے انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے مطالبہ کیا کہ وہ سابق بلدیاتی نمائندوں کو امدادی کاموں میں رضا کار مقرر کریں کیونکہ وہ ہر گلی اور محلے کے غریبوں اور لوگوں کو جانتے ہیں انہی کے ذریعے امدادی پیکیج صحیح معنوں میں مستحق لوگوں تک پہنچ سکتی ہے انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات بھی اپنے صدقات اور زکواۃ مستحق لوگوں تک پہنچائے تاکہ کوئی بھی غریب بھوکا نہ رہے اس وباء کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
830 total views, no views today



