لاہور: (ان لائن ) کوروناوائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ بھی میدان میں آگیا۔ پی سی بی نے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے سے زائد رقم عطیہ کردی۔ چئیرمین احسان مانی نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے مسیحاوں کو سلام پیش کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کیلئے قائم کردہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ پانچ لاکھ چھتیس ہزار پانچ سو روپے کی رقم عطیہ کردی۔ چیئرمین احسان مانی کے مطابق بطور ادارہ پی سی بی نے بھی ملازمین کی جانب سے عطیہ کی جانے والی کل رقم کے برابر امداد عطیہ کی ہے۔ تمام سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں اور پی سی بی کے ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وبا سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ وزیراعظم کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں فراخدلی سے عطیات دئیے۔ احسان مانی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرامیڈیکس اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک سرگرم ادارے کی حیثیت سے حکومت کے ساتھ تعاون کیا۔ پی سی بی نے اس وبا سے نمٹنے کے لیے عوام میں شعوری پیغامات بھی اجاگر کیے۔ پی سی بی کی جانب سے دی گئی رقم صف اول کے جنگجوؤں اور پسماندہ طبقات کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
694 total views, 2 views today