پشاور(سوات نیوز)پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس ابراہیم پر مشتمل ڈبل بینچ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیرمقام کے قبل ازگرفتاری کی ضمانت میں 11 جون تک توسیع کر دی اور قومی احتساب بیورو کو ریکارڈ پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ ڈبل بینچ کے سامنے پیش ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس مشکل صورتحال میں صرف اپنی سیاسی مخالفین اور حق سچ بولنے والوں کو اندر کرنے پر تلے ہوئے ہیں جبکہ ملک بحرانوں سے دوچار ہیں اور عمران خان اور انکی کا دینہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جرم صرف یہ ہے کہ ہم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں، عمران نیازی کو پاکستان مسلم لیگ ن سے باہر تمام رہنما صادق اورامین نظر آتے ہیں، ہم نواز شریف اور شہباز شریف کے سپاہی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور کسی صورت حال سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اگر حکومت کو احتساب کرنے کا اتنا شوق ہے تو پشاور میں بی آر ٹی کا احتساب بھی کرائیں، فارن فنڈنگ سمیت ملم جبہ سکینڈل کا بھی احتساب کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آٹا چور اور چینی چور پکڑنے کیلئے بھی اقدامات اٹھانے چاہیے نہ کہ صرف احتساب کے نام پر انتقام لیا جائے، حکومت جعلی احتساب سے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کی ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور اس سانحے میں پشاور حکومت کی نااہلی کے باعث نمبرون ہے، حکومت کے پاس ٹیسٹنگ کی صلاحیت سب سے کم ہیں، ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں حکمرانوں کو توجہ اسی پر دینی چاہیے نہ کہ حق کا گلا دبانے پر۔
784 total views, no views today



