مینگورہ(سوات نیوز)لیبر ڈیپارٹمنٹ میں موجود سکیل دس کے ملازمین مستقل طورپرپروموشن سے محروم،جس سکیل میں بھرتی ہوتے ہیں اسی میں ریٹائرڈ ہوجاتے ہیں،حکومت ان کی خدمات کے پیش نظر انہیں ترقی دے،معلوم ہوا ہے کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ میں جو لوگ نو سکیل میں بھرتی ہوئے تھے سالہا سال بعد انہیں صرف ایک بار اگلے سکیل میں ترقی دی گئی اور اس کے بعد ان کی ترقی مستقل بنیادوں پرروک دی گئی،اس محکمہ میں انسپکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دینے والے درجنوں اہلکار اب مستقل طورپر پروموشن سے محروم ہیں جبکہ اسی محکمہ میں تعینات دیگر اہلکاروں کو وقتاََ فوقتاََ ترقی دی جاتی ہے جس کے سبب سکیل دس کے ملازمین احسا س محرومی کا شکار ہیں،ابھی حال ہی میں صوبائی حکومت نے سرکاری محکموں میں اپ گریڈیشن سے محروم ملازمین کی سفارشات آئندہ سال کے بجٹ میں شامل کرنے پر غور شروع کیا ہے جس کیلئے تجاویز بھی دی گئی ہیں مگر اپ گریڈیشن کے اس عمل میں بھی لیبر ڈیپارٹمنٹ کے سکیل دس کے اہلکاروں کو شامل نہیں کیا گیا ہے،اس امتیازی سلوک کی وجہ سے یہ اہلکار پریشانی میں مبتلاہیں کیونکہ وہ جس سکیل میں بھرتی ہوئے ہیں ترقی پائے بغیر اسی سکیل میں ریٹائرڈ ہوں گے جو کسی بھی صورت مناسب نہیں لہٰذہ حکومت برابری کی بنیاد پر لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ان اہلکاروں کی اپ گریڈشن کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ ان کی پریشانیوں کا خاتمہ ہوسکے۔
734 total views, no views today



