مینگورہ(سوات نیوز)حالیہ بارشوں سے مینگورہ شہر کا گنجان آباد محلہ شہاب نگر شدید متاثر ہوا،سڑک کنارے موجودحفاظتی پشتے سے محروم خواجہ آباد نالے کا بند ٹوٹنے سے بارش کا پانی سیلابی ریلے کی شکل میں شہاب نگر میں داخل ہوا،مکانوں، دکانو ں اورکھیتوں سمیت عام شاہراہ کو بھی نقصان پہنچ گیا،ابھی تک کسی ایم پی اے، ایم این اے یا ضلعی حکام نے علاقے کا معائنہ تک نہیں کیا،حکومت نالے کی ایک طرف میں حفاظتی پشتہ تعمیر کرکے لوگوں کو مزید نقصان سے بچائے،تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مینگورہ خواجہ آباد میں حفاظتی پشتے سے محروم سڑک کنارے موجود نالے کا بند ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے پانی کا رخ محلہ شہاب نگر کی طرف ہوگیا،بارش کا پانی سیلابی ریلے کی شکل میں عین افطاری کے وقت مکانوں،دکانوں اورکھیتوں میں داخل ہوگیا جس کے سبب متاثرین نے گھر خالی کردئے تاہم سیلابی ریلے نے گھریلوسامان کو شدید نقصان پہنچادیا،اسی طرح عام راستے،دکانیں اور کھیت بھی بری طرح متاثر ہوئے،مقامی لوگوں کہتے ہیں کہ نالہ ابھی تک اسی حال میں پڑا جس کی وجہ سے مزید بارشیں ہونے سے پانی دوبار ہ محلے میں داخل ہونے کے شدید خطرات موجود ہیں مگر مقام افسوس ہے کہ تاحال کسی ایم پی اے، ایم این اے یاضلعی حکام نے علاقے کا معائنہ تک نہیں کیاتاہم اہل علاقہ نے حکومت سے مذکورہ نالے کے ا طراف فوری طورپر حفاظتی پشتے تعمیر کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
728 total views, no views today



