سوات(سوات نیوز)ریسکیو1122 چارباغ سٹیشن کیافتتاحی تقریب۔ایم پی اے گران خان نے۔فتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔
خیبر پختونخوا ایمرجنسی سروس ( ریسکیو 1122) نے چارباغ میں باقاعدہ آپریشنل سروسز کا آغاز کردیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی عزیزاللہ گران نے ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کیا، ریسکیو1122 کے جوانوں نے مہمان گرامی کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر عزیزاللہ گران نے کہا کہ ریسکیو1122 اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سمیت کسی بھی ایمرجنسی کے خلاف فرنٹ لائن پر بہترین خدمات فراہم کررہا ہے، ریسکیو1122 کو کورونا وائرس کے خلاف جاری آپریشنل سرگرمیوں کے لیے تمام تر وسائل فراہم کیے گئے ہیں، سوات کی سات تحصیلوں میں ریسکیو1122 کے سات سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سیدو شریف، مٹہ، کبل، بریکوٹ، خوازہ خیلہ، بحرین اور چار باغ کے علاقوں میں بین الاقوامی طرز کی خدمات فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ریسکیو1122 کی بہترین کارکردگی پر اس سروس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلا یا جارہا ہے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات عمران خان یوسفزئی نے ریسکیو سروسز سے متعلق بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122 صوبائی حکومت کے تعاون سے اور ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریسکیو 1122ڈاکٹر خطیر احمد خان کے کوششوں سے رواں سال 16 نئے اضلاع میں ریسکیو سروسز کا آغاز کیا ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 29 سے بڑھا کر 72 کر دی گئی ہے جن میں حالیہ ضم شدہ اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند شامل ہیں، ریسکیو1122روزمرہ ایمرجنیسز کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف بھی ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے، جس میں مہلک وائرس سے بچاو، تدارک اور آگاہی مہم، مشتبہ اور ممکنہ مریضوں کو بحفاظت ہسپتال یا قرنطینہ سینٹرز منتقل کرنا اور متاثرہ اضلاع اور دیگر علاقوں میں جراثیم کش سپرے شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان یوسفزئی نے مزید کہا کہ ریسکیو1122 میں خواتین میڈیکل ٹیکنیشنز ایمبولینسز میں مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ خدمات فراہم کررہی ہیں۔ ریسکیو1122 بلاتفریق مختلف ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کررہی ہیں جبکہ عوام الناس کو بنیادی زندگی اور آگ سے بچاؤ سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
984 total views, 2 views today