سوات، نیک پی خیل اڈہ منتقلی کے خلاف ٹرانسپورٹرز اور عوام سراپا احتجاج ، مینگورہ میں احتجاجی مظاہرہ ، ٹرانسپورٹروں، سیاسی جماعتوں اور تاجر برادری کا ایکا ، مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان ، سیاسی مشران نے فیصلہ مسترد کردیا ، اڈہ منتقلی کو نیک پی خیل کے عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیدیا ، فیصلہ واپس لینے کامطالبہ ، تفصیلات کے مطابق نیک پی خیل ٹرانسپورٹ اڈہ کے منتقلی کے خلاف ٹرانسپورٹرز ، سیاسی جماعتوں اور تاجر برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اس اقدام کو نیک پی خیل کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی و نا انصافی قرار دیدیا ، اس سلسلے میں نیک پی خیل اڈہ مینگورہ میں احتجاجی مظاہرہ وجلسہ منعقد کیاگیا جس میں علاقے کے مشران ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری کے علاوہ سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے اڈہ منتقلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، اور اس اقدام کی بھرپور مزاحمت کااعلان کرتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کرنے کافیصلہ کیا ، جلسہ سے ٹرانسپورٹ یونین کے صدر خائستہ باچا نے خطاب کرتے ہوئے اڈہ منتقلی اور اس حوالے سے ٹرانسپورٹ برادری کے تحفظات اور عوامی تشویش پر تفصیلی روشنی ڈالی ، جلسہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے خواجہ مخان ، خورشید خان ، ابراہیم دیولئی ، مسلم لیگ ن کے عبدالغفور خان ، حسن دیار خان ، جماعت اسلامی کے پیر محمد علی ، تحریک انصاف کے عزیز الرحمان ، امجد علی ، عالمگیر خان ، ٹرانسپورٹر سلطان علی خان ، عطاء اللہ خان ، امان اللہ خان ، افضل خان ، تاجر برادری بہادر خان ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے خورشید کاکاجی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ کوئی مائی کا لعل اس وقت تک نیک پی خیل اڈہ کومنتقل نہیں کرسکتا جب تک دیگر اڈہ جات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیاجاتا ، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولیات کی فراہمی نہ کر کے عوام کو مزید پریشانی اور مشکلات میں مبتلا کرنا ہے ، انہوں نے کہاکہ نیک پی خیل اڈہ کی بائی پاس کے حدود میں منتقلی سے لوگوں کو آمدورفت میں نہ صرف مشکلات کا سامنا ہوگا ، بلکہ پیسوں کا ضیاع بھی ہوگا ، انہوں نے کہاکہ اس وقت تک ہم مذکورہ اڈہ کو منتقل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے ، جب تک مینگورہ شہر میں قائم تمام اڈہ جات کا کوئی فیصلہ نہیں کیاجاتا ،صرف نیک پی خیل اڈہ منتقلی کے لئے ہرگزتیار نہیں ہے ، انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں ، ٹرانسپورٹرز برادری اور تاجر برادری اس بات پر متفق ہیں کہ وہ اس اقدام کی بھرپور مزاحمت کرے گی ، انہوں نے کہاکہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ صرف نیک پی خیل اڈہ کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے ، انہوں نے کہاکہ نیک پی خیل کے عوام اس اقدام کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے اور نہ کسی کو اس بارے اجازت دی جائیگی۔
641 total views, no views today


