لاہور(ان لائن) پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے لیے انتیس رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ سابق کپتان سرفراز احمد، مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم سمیت حیدر علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہیڈکوچ مصباح الحق کہتےہیں کہ دورہ انگلینڈ کیلئے جونئیر اور سئینر کھلاڑیوں کا بہترین اسکواڈ تیار کیا ہے۔ روانگی سے قبل تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کے کورونا وائرس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ سے تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انتیس رکنی قومی کرکٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ قومی اسکواڈ میں اوپنر بلے بازوں میں عابد علی، فخر زمان، شان مسعود اور امام الحق شامل ہیں جبکہ مڈل آرڈر بیٹسمین میں ٹیسٹ کپتان اظہر علی، ٹی ٹونٹی کپتان بابراعظم، اسدشفیق، فوادعالم، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ اور شعیب ملک کو شامل کیاگیا ہے۔ وکٹ کیپرز میں محمد رضوان اور سرفراز احمد اسکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ فاسٹ باولرز میں فہیم اشرف، حارث روف، عمران خان، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ اسپنرز میں یاسر شاہ، عماد وسیم، کاشف بھٹی اور شاداب خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو دورہ انگلینڈ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔
940 total views, no views today



