سوات،سوات کے صحافیوں موسیٰ خانخیل شہیداورسراج الدین شہیدکی پانچویں برسی منائی گئی،اس حوالے سوات پریس کلب میں ایک تقریب منعقدہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر سیدمتیازحسین شاہ، صحافیوں ،آئی ایس پی آرکے ترجمان کرنل عقیل،ڈائریکٹر انفارمینش سرور خٹک، عوام اورشہیدصحافیوں کے رشتہ داروں نے شرکت کی ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ موسی ٰ خانخیل شہیداورسراج الدین شہیدکو ہم سے بچھڑے ہوئے آج پانچ سال گزرگئے مگر وہ اب بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے
،انہوں نے کہاکہ موسیٰ خانخیل اورسراج الدین نے آخری وقت تک حق گوئی اورصداقت کا ساتھ دیا اورآزادوحقیقی صحافت کے ذریعے ملک وقوم کی خدمت کی ،انہوں نے کہاکہ ان کی شہادت سے سوات کی صحافتی دنیا میں پیداہونے والا خلا اب بھی موجود ہے تاہم ان کی شہادت سے سوات کی صحافتی برادری کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ سوات میں کشیدہ صورتحال کے دوران ہمارے چار ساتھیوں نے جام شہادت نوش کیا ہے یہ وہ نوجوان صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ آزاداورسچی صحافت کے فروغ کیلئے کام کیا یہی وجہ ہے آج بھی صحافتی برادری ان کی کاؤ شوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنرسوات سیدامتیازحسین شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سوات کے صحافی بہتراورمثبت اندازمیں فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں اوراپنے ساتھیوں کی شہادت سے ان کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں،انہوں نے کہاکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے یہی وجہ ہے اس شعبے سے وابستہ افرادکو معاشرے کی آنکھیں اورکان کہا جاتا ہے یہی وہ طبقہ ہے جو بذریعہ قلم معاشرتی وسماجی برائیوں کی نشاندہی کرتا ہے،انہوں نے کہاکہ قوموں کے عروج وزوال میں بھی صحافیوں کا اہم کردارہوتا ہے اورجہاں پر آزادصحافت کو فروغ ملے وہی معاشرہ ترقی کی راہ پرگامزن ہوتا ہے،اس سے قبل چیئرمین سوات پریس کلب رشید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشیدگی کے دوران ہمارے چار صحافی شہیدہوئے مگر تاحا ل ملزموں کو گرفتار نہیں کیا گیا انہوں نے حکومت سے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیااورکہاکہ سوات میں کشیدگی کے دوران یہاں کے صحافیوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر مثبت صحافت کی ہے مگر ابھی تک انہیں کسی قسم کا صلہ نہیں ملا،تقریب سے آئی ایس پی آر کے ترجمان کرنل عقیل،ڈائریکٹر انفارمیشن سرورخٹک ،شہیدموسیٰ خانخیل کے چھوٹے بھائی عیسیٰ خانخیل،شہیدسراج الدین کے فرزند ہارون سراج اوردیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سٹیج سکرٹری کے فرائض سوات پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محبو ب علی نے انجام دئے،تقریب کے آخر میں موسیٰ خانخیل شہید،سراج الدین شہید،قاری شعیب شہید،عبدالعزیزشاہین شہید اور سوات پریس کلب کے سابق چیئرمین حاجی سلیم خان مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعابھی مانگی گئی۔
471 total views, no views today


