مینگورہ ،سوات سی این جی ایسوسی ایشن کا مقامی حکام سے مذاکرات ناکام ،کل یکم جنوری سے سوات بھر کے سی این جی اسٹیشن بند کرنے کا اعلان کردیا ،گیس حکام جان بوجھ کر سوات کو گیس فراہم نہیں کررہے ،ضلعی انتظامیہ کی اپیل پر 8گھنٹے سی این جی اسٹیشن بندرکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود سوئی نادرن گیس والے سوات کے ساتھ نارواسلوک روا رکھ رہے ہیں ،سوات سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی طاہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوئی نادرن گیس والے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سوات کے ساتھ گیس کی فراہمی میں سوتیلی ماں جیساسلوک روا رکھ رہے ہیں اور ہمیں یہ بہانا کرکے ہماری بات کو ٹالنے کی کوشش کررہے ہیں کہ سوات ٹاپ اور انتہائی درجے پر ہے حالانکہ ایبٹ آباد بھی ٹاپ اور انتہائی درجے پر ہے لیکن وہاں پر گیس کی کوئی بندش اور لوپریشر کا مسئلہ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ہم نے سوات میں اسسٹنٹ کمشنر سوات اشفاق خان سے بھی ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگا ہ کیا ہے اور جب گیس کے دفتر گئے تو مقامی حکام موجود ہی نہیں تھے انہوں نے کہا کہ ہم چوبیس گھنٹوں میں صارفین کی سہولت کے لئے 8گھنٹے اپنے اسٹیشن بند رکھتے ہیں لیکن عوام کو کوئی فائدہ نہیں کیونکہ گیس نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور ہماری مشینری بھی گیس کی بندش اور کم پریشر کی وجہ سے خراب ہوتی جارہی ہے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کل یکم جنوری سے سوات کے تمام سی این جی اسٹیشن اس وقت تک بند رہیں گے جب تک ہمارے مطالبات کو تسلیم اور گیس کا پریشر بحال نہیں کیا جاتا انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں حالات کی تمام تر ذمے داری گیس حکام پر عائد ہوگی ۔
604 total views, no views today


