پشاور(سوات نیوز) خیبرپختونخواہ حکومت نے کورونا کے مریضوں کیلئے اسپتال قائم کردیا۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ اجمل وزیر نے کہا کہ اگلے مرحلے میں کورونا اسپتال میں بستروں کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ اسپتال میں ماہر پلمونالوجسٹ، پتھالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ، سائیکولوجسٹ سمیت 105 افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ڈاکٹرز، طبی عملہ و دیگر فرنٹ لائن ورکرز نے جس عزم کے ساتھ خدمات سرانجام دیئے وہ قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں تمام فیصلے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر ساتھ مشاورت سے ہوتے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے اسپتالوں کی استعداد کو بڑھایا۔ صوبے کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے ساڑھے 5 ہزار بستر مخصوص کیے گئے ہیں، جبکہ 1375 بیڈز کے ساتھ آکسیجن کی سہولت موجود ہے۔ بہتر حکمت عملی اور صحت سہولیات میں اضافے کے باعث کورونا سے شرح اموات بہت حد تک کنٹرول ہوئی ہے۔ صوبے میں کورونا سے مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح بھی 54 فیصد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پشاور ایئرپورٹ پر وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک مختلف ایئرلائنز کی 29 پروازوں کے زریعے 4 ہزار 822 مسافر باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے ہیں، جبکہ مختلف پروازوں کے ذریعے 20 پاکستانیوں کے جسد خاکی بھی لائے گئے ہیں۔ اجمل وزیر نے مزید کہا کہ بیرونی ملک سے پشاور ایئرپورٹ پر آنے اور جانی والے تمام مسافروں کو تھرمل اسکینرز کے ذریعے چیک کیا جاتا ہے
682 total views, 2 views today